خیبر پختونخوا اسمبلی، میر ظفر اللّٰہ جمالی کیلئے دعائے مغفرت

December 04, 2020

خیبر پختون خوا اسمبلی میں بزرگ سیاستدان اور سابق وزیرِاعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

خیبر پختون خوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے سابق وزیرِاعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کے انتقال کر جانے کے حوالے سے ایوان سے خطاب بھی کیا۔

اکرم خان درانی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ میر ظفر اللّٰہ خان جمالی بطور وزیرِ اعظم چھوٹے صوبوں کے حقوق کے علم بردار تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میر ظفر اللّٰہ جمالی نے خیبر پختون خوا کو 110 ارب کا پن بجلی منافع دینے میں اہم کردار ادا کیا، وہ چھوٹے صوبے سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیرِاعظم تھے۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی مختصر علالت کے بعد چند روز قبل انتقال کر گئے، ان کی تدفین ان کے آبائی علاقے روجھان جمالی میں کی گئی۔