پی ڈی ایم والے اعتزاز احسن کی ہی سن لیں، اسد عمر

December 09, 2020


وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ہماری نہیں سنتے پی ڈی ایم والے اعتزاز احسن کی ہی سن لیں کہ وہ کیا تجویز دے رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کی ایک میڈیا ٹاک کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم جلسے کو ملتوی کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ اعتزاز احسن، ڈاکٹرز ، دینی طبقے ،علماء، میڈیا اور ہر زی شعور انسان کا پیغام دے رہے ہیں کہ احتیاط کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے، اموات بڑھ رہی ہیں، احتیاط کیجئے اپنی خاطر، اپنے پیاروں کی خاطر !۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے سر براہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان کے سائے تلے ہمارا جلسہ تاریخی اور حکمران جماعت کےاقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثا بت ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ رکا وٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے بھی برا حشر کریں گے۔