اسلام آباد میں ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے آج کے اجلاس میں حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ استعفے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی سے دیے جائیں گے۔ البتہ سینیٹ سے استعفے نہیں دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں نئے الیکشن پر متفق ہوگئی ہیں۔ پی ڈی ایم کے ایک سینئر لیڈر نے موقف اختیار کیا کہ آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
الیکشن کمیشن تمام جماعتوں سے مشاورت کرسکتا ہے اور ایسی روایت بھی موجود ہے۔ اسٹیئرنگ کمیٹی میں اپوزیشن احتجاج کے اگلے مرحلے کے طریقہ کار کا تعین کرے گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کا اجلاس سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز سمیت اپوزیشن کی تمام پارٹیوں کی قیادت نے شرکت کی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ، پہلی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال اور شٹرڈاؤن کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔