رمیز راجہ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ پر افسردہ

December 17, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کی خبر سُن کر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ’محمد عامر ریٹائر ہوگئے، سُپر اسٹار کے یوں باہر چلے جانے کا افسوس ہے۔‘

رمیز راجہ نے کہا کہ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے میں بہت سے نوجوانوں کے لیے سبق ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا احترام کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں۔

رمیز راجہ کے مطابق دولت کو عزت پر فوقیت نہ دیں، عزت ایک مضبوط کردار رکھنے سے حاصل کی جاتی ہے نا کہ دنیاوی چمک دمک سے۔

خیال رہے کہ محمد عامر نے مینجمنٹ سے مایوس ہو کر کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فاسٹ بولر محمد عامر پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ پر برس پڑے، انہوں نے کہا کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنا ذہنی دباؤ برداشت نہیں کرسکتا ، موجودہ ٹیم منیجمنٹ مجھے کھیلانا نہیں چاہتی، فی الحال اس منیجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں۔

دوسری جانب پی سی بی نے عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو ذاتی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے محمد عامر کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔