منفرد طرز تعمیر کے حامل سائنس سینٹرز

January 03, 2021

تعمیراتی شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال نے آرکیٹیکچرل ڈیزائنز کو نئے افق پر پہنچا دیا ہے۔ اس کی بدولت دنیا بھر میں منفرد طرزِ تعمیرات کا رجحان بھی بہت عام ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر اکیسویں صدی کو تعمیراتی ڈیزائن کے حوالے سے جادوئی مانا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔ آج کے مضمون میں ہم دنیا کے چند منفرد طرزِ تعمیر کے حامل سائنس سینٹرز کا ذکر کریں گے جنہوں نے لوگوں کو توصیف و ستائش پر مجبور کردیا ہے۔

پھائنو سائنس سینٹر

وولفس برگ، جرمنی میں واقع یہ جدید تعمیراتی ڈیزائن عظیم معمارہ زاہا حدید کا بنایا ہوا ہے۔ اس عمارت کی ڈیزائننگ کے حوالے سے 2000ء میں ایک مقابلہ منعقد کیا گیا تھا جسے زاہا حدید نے جیتا اور یوں ان کی کمپنی زاہا حدید آرکیٹیکس نے اس عمارت کی تعمیر2005ءمیں مکمل کی۔

اس کے آرکیٹیکچرل ڈیزائن کو ’’فن تعمیر کا مسحور کن کام‘‘ کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ یہ ایک ایسی عمارت ہے جو مستقبل کے ہمارے وژن کو یکسر بدل دیتی ہے۔ اس ڈیزائن نے کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔ اسے 2000ء کے بعد شمار کیے جانے والے جدید دنیا کے سات عجائبات میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔

کوپرنیکس سائنس سینٹر

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں اس عمارت کی تعمیر 2010ء میں مکمل کی گئی۔ یہ عمارت وارسا کے بالکل قلب میں دریائے وسٹولا کے کنارے بنائی گئی ہے۔ اس کا ڈیزائن RAr-2نامی آرکیٹیکچرل ڈیزائن فرم نے تیار کیا ہے۔ کوپرنیکس سائنس سینٹر دو منزلہ عمارت ہے جس کا کُل رقبہ 15ہزار مربع میٹر ہے۔

اس میں لیبارٹریاں، ورکشاپس، ایک کانفرنس سینٹر ، کیفے ،ریستوران اور مخصوص انداز کے روف ٹاپ گارڈن کے علاوہ دفتر اور نمائش کے انعقاد کے لیے بھی جگہ بنائی گئی ہے۔ اس کے اندر موجود ملٹی میڈیا پلینیٹیریم کی عمارت دیکھنے میں دیوہیکل پتھر کی طرح لگتی ہے، جس میں آبزرویشن ڈیک بھی ہے۔

لنگارا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بلڈنگ

کینیڈا کے شہر وینکوور میں لنگارا کالج کی اس عمارت کی تعمیر 2016ء میں مکمل ہوئی۔ ٹیپل آرکیٹیکٹس کی جانب سے ڈیزائن کی گئی یہ پانچ منزلہ عمارت اندرونی اور بیرونی طور پر پائیدار اور متحرک ماحول کو مدِنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی گئی ہے۔ عمارت کی بالائی تین منزلوں پر موجود لیبارٹریز کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ مستقبل میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے وہ لچکدار اور موافق ہوں۔

اس میں LEED ڈیزائن کی خصوصیات جیسے کہ موثر توانائی کے حامل میکینکل اور الیکٹریکل سسٹمز، متحرک توانائی کی منتقلی، سبز چھتیں، قدرتی وینٹی لیشن اور شمسی تھرمل پینلز کے ذریعے پانی گرم کیا جانا شامل ہیں۔

جیف ہینڈبری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حب

یہ آسٹریلیا کے شہر میلبرن میںقائم ایک اسکول کی عمارت ہے، جسے خصوصی طور پر سائنس و ٹیکنالوجی کی ضروریات کو مدِنظر رکھ کر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن ڈینٹن کورکر مارشل نامی آرکیٹیکٹ فرم نے تیار کیا ہے اور اس کی تعمیر 2017ء میں مکمل ہوئی۔ اس کی تعمیر کا بنیادی مقصد سائنس و ٹیکنالوجی کا ایک ایسا انوکھا مرکز بنانا تھا جو آسٹریلیا میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہو۔

یہ کارکردگی اور ظاہری شکل کے لحاظ سے فنِ تعمیر کا ایک نادر نمونہ ہےجبکہ جمالیاتی اعتبار سے یہ عام ساختی شکل کی لگتی ہے۔ عمارت کے اندرونی حصے میں طلباکیلئے سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی تحقیقات کرنے کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔