اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کئے جائیں ،بشیرراجہ

January 15, 2021

راچڈیل (نمائندہ جنگ) اوورسیز پاکستانی حکومت پاکستان کی اے ٹی ایم مشین نہیں ہیں ۔ہر حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو لالی پاپ دیا افسوس وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی آواز پر مانچسٹر لندن اور دنیا بھر کے اوورسیز پاکستانیوں نے لبیک کہا، مگر نمایاں برتری حاصل کرنے والی جماعت بھی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت بشیر راجہ نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پی آئی اے پر پابندی کے بعد برٹش ائیر ویز اور دیگر ائیر لائینز نے بروقت ڈائریکٹ فلائٹس کا آغاز کر دیا لیکن فلائٹ کی عدم دستیابی اورکورونا وائرس کے باعث اوورسیز پاکستانی ائیر پورٹس پر دھکے کھانے پر مجبور ہو گئے برطانیہ میں مقیم تارکین وطن واحد پاکستانی قوم ہیں جس کا کوئی پرسان حال نہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ان کے مسائل میں دلچسپی لینے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے پاکستان کی بجائے دیگر ممالک میں رہائش اختیار کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ حکومت کو حالات کی سنگینی کی سنجیدگی سے نوٹس لے کر فی الفور ایکشن لینا چاہیے۔ تمام ہائی کمشنرز کو ایک مراسلہ بھیجا جائے جس میں انہیں اس امر کی ترغیب دی جائے کہ وہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں تارکین وطن کے مسائل کا حل ان کیاولین ترجیح ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اووورسیز پاکستانی قیمتی زرمبادلہ وطن بھیج کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے مثالی کردار ادا کر رہے ہیں ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔