کورونا وائرس کی ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز کیلئے ہیلتھ الاؤنس کا حکم جاری

January 16, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں کورونا وائرس کی ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے ہیلتھ الاؤنس جاری کرنے کا حکم جاری کردیاگیاہے،حکم نامے میں کہاگیاہے کہ جب تک کورونا کی وبا موجود رہے گی الاؤنس جاری رہے گا۔ حکم نامہ محکمہ خزانہ سندھ نے جاری کیاہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہیلتھ الاؤنس یکم جولائی 2020سے دیا جائے گا۔گریڈ 17سے زائد کے لیے 35ہزار روپے ہر ماہ ادا کیے جائیں گے، گریڈ ایک سے سولہ تک کے لیے 17 ہزار اور پی جی اسٹوڈنٹس کو 15ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔محکمہ خزانہ کے حکم نامے کے مطابق ہاؤس جاب افسر کو 10ہزار روپے جبکہ نرسنگ اسٹوڈنٹس کو 5 ہزار ماہانہ دیے جائیں گے۔