ظہیر عباس، سرفراز نواز انگلینڈ میں کورونا وائرس ویکسین لگوانے والوں میں شامل

January 23, 2021


کرکٹ کے گھر لارڈز میں کھلاڑیوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا کیمپ قائم کردیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے بھی لارڈز میں کورونا ویکسین لگوائی ، سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز بھی انگلینڈ میں کورونا ویکسین لگوانے والوں میں شامل ہوگئے۔

کورونا وائرس کا توڑ کرنے کے لیے دُنیا کے مختلف ملکوں نے اُس کی ویکسین ایجاد کرلی ہے، برطانیہ بھی ان ممالک میں سے ایک ہے، ان دنوں وہاں شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے، ایسا ہی کیمپ کرکٹ کے گھر لارڈز میں بھی قائم کیا گیا ہے جہاں کرکٹرز اور دیگر شخصیات کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈمین ظہیر عباس ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہیں جہاں لارڈز میں قائم کورونا ویکسین کے کیمپ میں اُنہوں نے ویکسین لگوائی۔

سابق کپتان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ ویکیسن لگوانے کے بعد خود کو بہتر محسوس کررہے ہیں ، ویکیسن کے بعد کسی قسم کی نقاہت محسوس نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو ویکیسن لگوانی چاہیے ۔

ظہیر عباس کے علاوہ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز بھی انگلینڈ میں ویکسین لگوانے والوں میں شامل ہوگئے۔