مفتی انس کو مدرسے کی یاد ستانے لگی

January 23, 2021

شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والیسابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان کے شوہر مفتی انس نے اپنی زندگی کی سب سے قیمتیں یادیں سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔

سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان کے شوہر مفتی انس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماضی کی اپنی نایاب ویڈیو شیئر کی ہے۔


مذکورہ ویڈیو ’ختمِ بخاری‘ کی ہے جس میں مفتی انس کے اردگرد دیگر مفتی بیٹھے ہیں اور مفتی انس اپنی خوبصورت آواز میں قرآن پاک کی تلاوت کررہے ہیں۔

مفتی انس نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’مدرسے کی یہ میری حسین یادیں ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’یہ ختمِ بخاری شریف کی میری آخری مجلس تھی۔‘

ثناء خان کے شوہر نے اس مجلس کو اپنی زندگی کی قیمتی یاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری زندگی کی وہ یادیں ہیں جنہیں میں کبھی نہیں بُھلا سکتا۔‘

اس سے قبل مفتی انس نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی اہلیہ نے اُن کی وجہ سے شوبز نہیں چھوڑی بلکہ شوبز چھوڑنے کا فیصلہ ثناء خان کا ذاتی فیصلہ تھا اس میں اُن کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ ’میں چاہتا تھا کہ ثناء یہ فیصلہ کرنے کے لیے کچھ وقت لے لیکن اُسے خود پر بہت بھروسہ تھا اور در حقیقت، میں بھی حیرت زدہ ہوگیا تھا، جب ثناء نے اعلان کیا کہ وہ انڈسٹری چھوڑ رہی ہے۔‘

خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔