• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء نے میرے کہنے پر شوبز نہیں چھوڑی، مفتی انس

شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان کے شوہر مفتی انس کا کہنا ہے کہ اُن کی اہلیہ نے اُن کی وجہ سے شوبز نہیں چھوڑی بلکہ شوبز چھوڑنے کا فیصلہ ثناء خان کا ذاتی فیصلہ تھا اس میں اُن کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مفتی انس نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’میں نے ثناء خان کو کبھی بھی کسی خاص طریقے سے زندگی گزارنے پر مجبور نہیں کیا۔‘

مفتی انس نے کہا کہ ثناء نے شادی سے تقریباََ چھ ماہ قبل انسٹاگرام پر اعلان کیا تھا کہ انہوں نے حجاب کرنا شروع کردیا ہے اور شوبز سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں چاہتا تھا کہ ثناء یہ فیصلہ کرنے کے لیے کچھ وقت لے لیکن اُسے خود پر بہت بھروسہ تھا اور در حقیقت، میں بھی حیرت زدہ ہوگیا تھا، جب ثناء نے اعلان کیا کہ وہ انڈسٹری چھوڑ رہی ہے۔‘

ثناء خان کے شوہر نے کہا کہ ’میں نے خدا سے دعا کی تھی کہ میں ثناء سے شادی کرنا چاہتا ہوں اور اس نے میری دعا سنی۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر میں نے کسی اور سے شادی کرلی ہوتی تو مجھے یہ خوشی نہیں ہوتی۔‘

مفتی انس نے کہا کہ ’ثناء ایک نیک اور صاف دل رکھنے والی انسان ہے اور میں ہمیشہ ہی ایسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’لوگ اب بھی مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں نے کسی اداکارہ سے شادی کیسے کی لیکن یہ چھوٹی سوچ کے لوگ ہیں، یہ میری زندگی ہے اور کسی کو بھی اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔‘

خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ ماہ بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔

ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012ء کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سے اُنہیں شہرت ملی تھی۔

تازہ ترین