ہیئر اسٹائل

February 26, 2021

عنابیہ ارسلان

آپ کے حُسن کو چار چاند لگانے میں بال بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن ان کی خوب صورتی برقرار رکھنے کے لیے چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔نرم ملائم ،چمکدار بال چھوٹے ہی کیوں نہ ہوں اگر انہیں مناسب انداز سے سیٹ کیا جائے تو وہ بھی بے حد حسین لگتے ہیں لیکن ان کی بہترین صحت کے لیے ان کا خیال رکھنا لازمی ہے ۔خشک ، بے رونق بال، پتلے اور چکنے بالوں کو سیٹ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔اسی لیے شیمپو کا انتخاب کرتے وقت خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔

اکثر خواتین بال لمبے کرنے کے لیے بازار میں موجود انواع واقسام کے شیمپوز استعمال کرتی ہیں۔ جو بالوں کو خوب صورت بنانے کے بجائے مزید خراب کردیتے ہیں۔ چکنے بالوں کے لیے 2in1شیمپوز کا استعمال ہرگز نہ کریں ،کیوں کہ ان میں موجود کنڈیشنر بالوں کو پتلا کردیتا ہے اور وہ مزید چپ چپے ہوجاتے ہیں۔ ہمیشہ بالوں کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے شیمپو اور کنڈیشنر استعمال کریں۔

بال چاہے کسی بھی قسم کے ہوں اگر انہیں مناسب انداز سے سیٹ نہ کیا جائے تو اچھے سے اچھا میک اپ بھی آپ پر اچھا نہیں لگے گا ۔بال خواتین کی شخصیت کو یکسر تبدیل کردیتے ہیں اگر بہترین میک اپ اور خوب صورت ، قیمتی لباس زیب تن کرنے کے بعدکس کر چٹیا بنالی جائے تو وہ یقیناً بہت بری لگے گی ۔لہٰذا چہرے کی ساخت اور بناوٹ کے لحاظ سے ہیئرا سٹائل کا انتخاب آپ کے میک اپ کو مزید خوبصورت بنا دے گا۔

……گول چہرہ……

کچھ خواتین کا چہرہ با لکل گول ہوتا ہے ،کچھ کا لمبا ، بعض خواتین بیضوی چہرے کی حامل ہوتی ہیں اوربعض چوکور۔ اس لیے سب سے پہلے تو اس بات کا تعین کرنا بے حد ضروری ہے کہ آپ کے چہرے کی بناوٹ کیسی ہے۔بالوں کو کوئی نیا انداز دینے سے پہلے ایک بار آئینے کے سامنے اطمینان سے بیٹھ کر اپنے بالوں کا اچھے سے جائزہ لیں ،تاکہ آپ پر اپنے چہرے کی ساخت اور بناوٹ واضح ہوجائے پھر دیکھیں کہ آپ پر کون سااسٹائل زیادہ اچھا لگے گا گول چہرے والی خواتین بالوں کا ایسا انداز اختیار کریں، جس سے ان کا چہرہ کم گول نظر آئے۔

اس کے لیے وہ اپنے بالوں کو چہرے کے اطراف میں اس انداز میں ڈالیں ،جس سے گولائی میں کمی آئے اس کے علاوہ بالوں کو پھولا پھولا رکھیں بالوں کو کم ازکم کانوں تک ضرور رکھیں۔ گول چہرے کی حامل خواتین لمبے بال بھی رکھ سکتی ہیں اور لمبے بالوں کو آگے سے کلر یا پرم کرلیں تو اور اچھا رہے گا لیکن پیچھے کی طرف بال موٹے رکھیں بال زیادہ کس کربنانے سے چہرہ مزید گول نظر آتا ہے۔

……چو کور چہرہ……

چوکور چہرے کی حامل خواتین بالوں کو چہرے کے اطراف میں پھیلائیں، تاکہ چوڑائی کم نظر آئے اس کے علاوہ چوکور چہرے پر گھنگریالے بال زیادہ پرکشش لگتے ہیں۔ اسی طرح لمبے چہرے کی خواتین چہرے کی لمبائی کم کرنے کے لیے ماتھے پر بالوں کو اس طرح پھیلائیں، جس سے چہرہ مناسب لگے۔ پھولا اور اونچاا سٹائل بالکل نہ بنائیں بعض خواتین کے ماتھے پتلے ہوتے ہیں اس لیےان کا چہرہ تکونی تاثر دیتا ہے۔

ایسی خواتین کے لیے ضروری ہے کہ بالوں کو پیچھے کی جانب بنا کر کندھوں کے رخ پر رکھیں جب کہ اوپر سے بغیر کٹ اور پیچھے سے چوٹی بھی بناسکتی ہیں یا جوڑالگاسکتی ہیں۔ دونوں اسٹائل خوب صورتی میں اضافے کریں گے۔

……بیضوی چہرہ……

بیضوی چہرے پر ہرقسم کے بالوں کا انداز اچھا لگتا ہے لیکن اگر آپ کے بال لمبے ہیں تو سامنے سے بال اچھی طرح اوپر کی طرف موڑلیں اس طرح آپ زیادہ جاذب نظر دکھائی دیں گی۔ علاوہ ازایںاگر پیچھے کی طرف برش کریں گی تو آپ اورخوب صورت اور دلکش لگے گی چھوٹے بال رکھنے کی خواہش مند خواتین باب کٹ کروائیں یہ ہیئر کٹ ان پر خوب صورت لگے گا۔

بالوں کی کٹنگ کراتے وقت بھی اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ وہ آپ پر اچھا لگے گا یا نہیں، اگر آپ کے بال گھنگھریالے ہیں تو ان پر رولرز نہ لگائیں اور نہ ہی ہیئر برش کا استعمال کریں بلکہ بالوں کو الگ الگ حصّوں میں تقسیم کرکے اپنی انگلی میں لپیٹ کر ہیئر اسپرے یا ہیئر جیل لگالیں۔اس سے ایسا لگے گا جیسے آپ کے بال قدرتی طور پر رول ہیں ۔آپ چاہیں تو پونی ٹیل بھی بنا لیں یا کیچر لگا لیں۔