کھیل کھیل میں سیکھنے کی کارآمد موبائل ایپس

January 31, 2021

والدین کے لیے کبھی کبھی بچوں کو مختلف سرگرمیوں میں مشغول رکھنا بہت مشکل ہوجاتا ہے، بالخصوص جب وہ اسکول نہ جارہے ہوں۔ اس مسئلے کے حل کے طور پر عموماً والدین بچوں کو ٹیبلٹ، موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک آلات تھما دیتے ہیں کیونکہ یہ ایک ایسی چیز ہےجس کو استعمال کرنے کے لیے بچے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ ایسے میں بےفائدہ ویڈیوز اور کارٹون دکھانے کے بجائے والدین کو ایسی ایپس کی تلاش کرنی چاہیے جن سے بچوں کو سیکھنے کا موقع ملے اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔

بہترین ایپس وہی ہوتی ہیں جو بچوں کو فعال طور پر مشغول ہونے، خلفشار سے بچانے اور ان کے علم کو ایپس میںمہیا کیے گئے مواد سے مربوط کرنے کی سہولت دیتی ہیں۔

تاہم، بعض اوقات والدین کے لیے یہ جاننا مشکل ہوجاتا ہے کہ ان کے بچے کے لیے کون سے ایپس بہتر رہیں گی۔ آج ہم آپ کو چند ایسی ایپس کے بارے میں بتائیں گے جن کے بارے میں والدین اور بچوں نے مثبت رائے کا اظہار کیا ہے۔

Fish School

یہ ایپ 2سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو اہم تصورات جیسے حروف، اعداد، اشکال، رنگ اور میچنگ وغیرہ سے روشناس کرواتا ہے۔ چمکیلے رنگوں والی مچھلیاں حروف، اشکال اور 1سے لے کر 20نمبر تشکیل دیتی ہیں۔ آپ کا بچہ مچھلی کو تیرا سکتا اور مختلف قسم کی دلچسپ چیزیں کرسکتا ہے۔ ایپل اور گوگل پلے اسٹور پر مفت دستیاب اس ایپ نے ’پیرنٹس چوائس گولڈ ایوارڈ‘ بھی اپنے نام کیا ہے۔

Duolingo

ڈیولنگو نامی یہ ایپ بچوں کو ایک نئی زبان سیکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس میں آڈیو، الفاظ کی شناخت اور زبانی مشقوں کے ذریعے30سے زائد زبانوں کی مشق کی جاسکتی ہے۔ آجکل گھر میں زیادہ تر وقت گزرنے کے باعث بچوں کے لیے یہ نادر موقع ہے کہ وہ ایک نئی زبان سیکھنے کی کوشش کریں۔ والدین کو چاہیے کہ اپنے 10سال یا اس سے زائد عمر کے بچے کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ مختلف زبان سیکھے۔ یہ ایپ ایپل اور گوگل پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

.Quick Math Jr

عام طور سے بچوں کو ریاضی کا مضمون بورنگ معلوم ہوتا ہے، مگر یہ ایپ ہندسوں(نمبروں) کو تخلیقی اور انٹرایکٹو زاویے سے پیش کرتی ہے۔ کوئیک میتھ جونیئر میں ریاضی کی بنیادی مہارت اور تصورات پر مبنی 12مختلف کھیل موجود ہیں۔

بچوں کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے اس میں منفرد گرافکس اور کردار دیے گئے ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ بچوں کو تمام جوابات اسکرین پر لکھنے ہوتے ہیںیا ڈرا کرنے (Draw) پڑتے ہیں جس سے ان کی لکھائی کی بھی مشق ہوجاتی ہے۔ 4سے 8 سال کی عمر کے بچوں کے لیے یہ ایپ ایپل اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

Lightbot: Code Hour

لائٹ بوٹ، سافٹ ویئر پروگرامنگ کے بنیادی تصورات اور منطق سیکھنے کے لیے ایک تعلیمی ویڈیو گیم ہے۔ پزل گیم پر مبنی یہ ایپ ہر عمر کا بچہ کھیل سکتا ہے اور غیر محسوس طریقے سے وہ پروگرامنگ کی منطق سیکھتا جاتا ہے۔

یہ ایپ آپ کے بچے میں کوڈنگ اور کمپیوٹر پروگرامنگ میں دلچسپی پیدا کرنے کا ایک زبردست ذریعہ ثابت ہوسکتی ہے۔ آئی ٹیونز اور گوگل پلے اسٹور پر مفت میں دستیاب اس ایپ کی ریٹنگ بھی بہت اچھی ہے۔

Starfall ABCs

یہ ایپ بچوں کو تفریحاور اینی میشن کے ذریعے الفاظ، واولز (Vowels)، اور جملے سیکھنے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ اس میں اشارے کی زبان کے حروف بھی شامل ہیں۔

ویسے تو یہ ایپ ایپل اور گوگل پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے لیکن اگر آپ اسے معاوضہ دے کر اَپ گریڈ کرواتے ہیں تو آپ کو ریاضی اور معاشرتی مہارتوں پر اسباق کی کچھ اضافی سہولتیں بھی مل جائیں گی۔ تاہم، 2سے 5سال کی عمر کے بچوں کے لیے مفت میںدستیاب ورژن بھی بہت متاثر کن ہے۔

Pictoword

یہ ایک تفریحی پزل گیم ہے جو کئی گھنٹے پزل کو حل کرنے کے ذریعے تفریح ​​فراہم کرتا ہے۔ اس ایپ میں ہر عمر کے افراد کی دماغی تربیت کے لیے مائنڈ ٹیزرز اور پزل گیمز موجود ہیں۔ بچے ورڈ گیمز کے ذریعے اپنی پزل کو حل کرنے کی مہارت کو جانچ سکتے ہیں۔

ڈویلپرز نے اس کے آسان استعمال پر خصوصی توجہ دی ہے تاکہ بچوں اور بڑوں کو کوئی دقت نہ ہو۔ اس میں دو تصاویر فراہم کی جاتی ہیں جو ایک لفظ بناتی ہیں، اور کھیلنے والا فراہم کیے گئے حروف کے ذریعے اس لفظ کی کھوج لگاتا ہے۔ یہ ایپ ایپل اور گوگل پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

والدین کیلئے تجویز

امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹریکس 18ماہ سے کم عمر بچوں کے لیے کسی بھی قسم کا اسکرین ٹائم تجویز نہیں کرتی جبکہ دو سے پانچ سال کی عمر کے بچوں کے لیے صرف ایک گھنٹے کا معیاری اسکرین ٹائم دینے کی سفارش کرتی ہے۔

مثالی طور پر یہ سب سے بہتر ہے کہ والدین اپنے بچوںکے ساتھ بیٹھ کر ٹی وی یا موبائل کے استعمال میںمشغول ہوں۔ ایپس سیکھنے کے حوالے سے بچوںکے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں، مگر وہ روایتی کھلونوں اور بچوں کے جسمانی طور پر کھیل کود میں مشغول ہونے کا متبادل نہیں ہوسکتیں۔