ننھی نعت خواں فاطمہ ہانی

February 07, 2021

پیارے بچو! آج ننھی نعت خواں فاطمہ ہانی سےملئے۔ کراچی میں رہنے والی ساڑھے تین سالہ بچی، فاطمہ ہانی ایک نجی اسکول میں کے جی ٹو کی طالبہ ہے۔ جب بچے ٹھیک طرح سے بولنا بھی نہیں جانتے، وہ میلاد کی محافل اور اسکول کی تقریبات میں نعتیں پڑھتی ہے۔ نعت خوانی کا شوق اسے دو سال کی عمر میں ہوا۔ بیٹی کا شوق دیکھ کر والدین نے اسے نعت اکیڈمی میں داخل کرادیا ۔ اس کی معلمہ اسے اپنے ساتھ میلاد کی محفلوں میں بھی لے جاتی رہیں۔

ان پروگراموں میں بعض اوقات اسے بھی نعت پڑھنے کے لیے اسٹیج پر بھی مدعو کیا جاتا اورجب وہ اپنی توتلی اور مہین آواز میں نعت خوانی کرتی تو شرکائے محفل اس کی آواز کے سحر میں کھو جاتے۔ آج اس کی آواز میں پختگی پیدا ہوگئی ہے اور وہ میلاد کی محفل اور مختلف اسکولوں کی تقاریب میں معروف شعرائے کرام کا نعتیہ کلام پڑھتی ہے۔ ابھی وہ بہت چھوٹی ہے لیکن اس کے اساتذہ کو یقین ہے کہ مستقبل میں وہ معروف نعت خواں ہو جائے گی۔