مکان کے بیرونی اور اندرونی حصے کی ڈیزائننگ

February 12, 2021

تعمیراتی نقطہ نظر سے بہترین مکان وہی کہلاتا ہے جس میں تمام سہولیاتِ زندگی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس کے بیرونی اور اندرونی حصے کی ڈیزائننگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہو۔ اس مقصد کے لیے ایک ایسے ڈیزائن کی ضرورت پڑتی ہے جو اپنی ساخت، مٹیریل اور دیگر چیزوں میں توازن قائم کرے۔ باہر سے دیکھنے والے اس کی خوبصورتی کی داد دیتے ہیں جبکہ اندر تشریف لانے والے بیرونی کے ساتھ اندرونی حصے کی بناوٹ کے بھی گرویدہ ہوجاتے ہیں۔ مکان کی ڈیزائننگ پر بھرپور توجہ دینے سے اس کی قدر و قیمت میںبھی خاصہ اضافہ ہوتا ہے۔

تاہم، مکان کے ڈیزائن کو دیدہ زیب بنانے کے لیے فنِ تعمیرات کا جدید تخیل رکھنے والے آرکیٹیکچر کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی یا اگر آپ خود ڈیزائننگ کا مرحلہ سرانجام دینا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو کسی اعلیٰ پائے کا سافٹ ویئر استعمال کرنا پڑے گا۔ مکان کی بیرونی اور اندرونی ڈیزائننگ میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ اندرونی و بیرونی حصہ آپس میںہم آہنگ ہوں اور ان میں ریاضیاتی اور جیومیٹری کے لحاظ سے بھی توازن ہو۔ ذیل میں اچھے ڈیزائن کے بنیادی اصولوںکا ذکر کیا جارہا ہے، امید ہے کہ ان کے ذریعے آپ کو اپنے مکان کی اندرونی اور بیرونی ڈیزائننگ کے حوالے سے رہنمائی حاصل ہوگی۔

متاثر کن بیرونی حصہ

مکان کے بیرونی حصے کا ڈیزائن اور دیواروں پر کیا گیا رنگ وروغن جتنا جدید وضع کا حامل اور تخیل سے ہم آہنگ ہوگا، اتنا ہی یہ دوسروں کو متاثر کرنے کے ساتھ مکان کی قیمت میں اضافہ کرے گا۔ بیرونی حصے کی ڈیزائننگ کو جدید بنانے کے لیے ہلکے اور گہرے رنگوں کا ملاپ بہترین ثابت ہوتا ہے۔

خوبصورت بناوٹ

مکان کے سامنے کا حصہ اپنے دلکش ڈیزائن کے باعث دیکھنے والوں کے لیے کشش کا باعث ہونا چاہیے۔ مختلف تعمیراتی مواد جیسے کہ کنکریٹ، پتھر اور لکڑی آپس میں مل کر سامنے کے حصے کو دیدہ زیب بناتے ہیں۔ بیرونی دیواروں کو اگر سلیقے سے سجایا جائے تو سادہ سا گھر بھی خوبصورت دکھائی دینے لگتا ہے۔

دلکش داخلی راستہ

داخلی راستے کو جدید اور کلاسک رجحانات کے امتزاج سے مزین کیا جاسکتا ہے۔ انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین داخلی راستے کے ڈیزائن اور اس کی آرائش پر بھرپور توجہ دینے پر زور دیتے ہیں۔ داخلی راستے میں پالش شدہ لکڑی کا استعمال کیا جائے تو یہ فرش کو مزید خوبصورت بناتی ہے۔ داخلی راستے میں ایک چھوٹی بنچ بھی رکھ دی جائے تو یہ بیٹھ کر جوتے اتارنے کے کام آتی ہے۔

اندرونی حصہ

سادہ مگر جدید ڈیزائن کے تحت مختلف رنگوں کی چمکیلی لکڑی کی سطحیں رہائشگاہ کو پُر سکون اور شوخ بناتی ہیں۔ دورِ جدید کے تقاضوںکے مطابق لیونگ روم اور ڈائننگ روم ایک دوسرے سے منسلک ہوںجبکہ اوپر ایک بڑا روشن دان بنوا دیا جائے تو یہ قدرتی روشنی کو گھر میںلانے کا باعث بنے گا۔ اس کے علاوہ ہوا کے گزر کے باعث مکین حبس اور گھٹن محسوس نہیںکریں گے۔ کھڑکیوں پر نفیس ڈیزائن والی باریک جالی لگادی جائے تو اس سے نہ صرف ہوا اندر آئے گی بلکہ مچھروں سے بھی بچا جاسکے گا۔

بیڈ روم

بیڈروم کو اگر خوبصورت انداز سے ڈیزائن کیا جائے تو اس میں کشادگی کا احساس ہوتا ہے۔ کمرے میں الماری، ریک اور اوپن شیلف آرائشی اشیا رکھنے کے لیے کافی جگہ مہیا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ بچوںکے بیڈروم میںایسا فرنیچر رکھیں جو ان کی کمرے سے دلچسپی پیدا کرے۔ کمرے کی دیواروںکو آپ بچوں کے پسندیدہ کارٹونز کی تصاویر یا وال پیپرز سے آراستہ کرسکتے ہیں۔

دیہی طرز

مکان کی مختلف دیواروں میں اگر کھردرے پیوستہ چمکیلے پتھر لگوادیے جائیں تو یہ دیہی مگر اسٹائلش منظر پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ گھر میں ہریالی کو اہمیت دیتے ہوئے مختلف حصوں میںپھول پودے رکھیں، اس طرح آپ کو فطرت سے قربت محسوس ہوگی۔

کچن

سفید اور خاکی رنگ کی کیبنٹس اور جدید آلات سے آراستہ کشادہ فیشن ایبل کچن خاتون خانہ کے لیے کشش کا باعث ہوگا۔ کاؤنٹر ٹیبل کو مختلف شیپ میں بنایا جاسکتا ہے جبکہ دیواروں پر شوخ رنگ بھی خوب جچیںگے۔ سنگ مر مر کا سنک یونٹ اور ساتھ میں شفاف شیشہ کشش رکھتا ہے بلکہ یہ بہت سی اسٹوریج کی جگہ بھی فراہم کرتا ہے۔

باتھ روم

باتھ روم کی اگر جدید انداز میںتعمیر کی جائے تو یہ کسی فائیو اسٹار ہوٹل کی طرح معلوم ہوگا۔ جدید سینیٹری سامان اور نہانے کی جگہ کو شیشہ لگاکر علیحدہ کرنا ایک جدید تاثر دیتا ہے۔ ساتھ ہی کیبنٹس اور شیلفس سامان رکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔ دورانِ تعمیر اگر باتھ روم میں الماریاں بنوانے کی جگہ رکھی جائے تو یہ بہت اچھا ہوگا۔ ایک بڑا آئینہ باتھ روم میں کشادگی کا احساس پیدا کرے گا۔

سیڑھیاں

جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے المونیم، شیشے، لکڑی یا کنکریٹ کی سیڑھیوں کو اگر نفاست سے بنایا جائے تو وہ دلکش معلوم ہوتی ہیں۔ شیشے کی ریلنگ، منفرد لکڑی اور سرمئی پائیدان سیڑھی پر بہت بھلے معلوم ہوتے ہیں۔ ساتھ والی دیوار میں چھوٹی چھوٹی روشنیاںنصب کرنے سے اسے جدت اور جمالیات سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔