• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ نے جدید ہوور کرافٹس پاکستان بحریہ کے حوالے کر دیے

برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے تین جدید ہوور کرافٹس پاکستان بحریہ کے سپرد کردیے ہیں جو پاکستان کی سمندری دفاعی صلاحیت کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے۔ 

ہوور کرافٹس کی حوالگی کی تقریب لندن میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان ہائی کمیشن، لندن کے نیول اور دفاعی مشیر کموڈور جواد حیدر خواجہ، وزارتِ دفاع برطانیہ کے نمائندہ کموڈور رچرڈ ویلی، دفاعی خریداری کے اتاشی کیپٹن محمد فیصل منظور اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ 

اس موقع پر یہ واضح کیا گیا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور مضبوط دفاعی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جدید ہوور کرافٹس کی حوالگی دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، تعاون اور دوستی کی علامت ہے۔ دونوں ملک باقاعدگی سے مشترکہ فوجی مشقیں، تربیت اور دفاعی شعبے میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ ہوور کرافٹس برطانیہ کی معروف کمپنی ’گرفن میرین سپورٹ‘ نے تیار کیے ہیں۔ یہ حوالگی 25 جون 2025 کو مکمل ہوئی، جو فروری 2022 میں طے پانے والے حکومت سے حکومت کے ایک معاہدے کا نتیجہ ہے۔ 

یہ ہوور کرافٹس اپنی تیز رفتاری، آسان نقل و حرکت اور مختلف قسم کے مشن سرانجام دینے کی صلاحیت کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ان کی شمولیت سے پاکستان بحریہ کی ساحلی علاقوں میں فوری کارروائی اور امدادی کاموں کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ 

یہ جدید ہوور کرافٹس نہ صرف دفاعی مقاصد کے لیے اہم ہیں بلکہ قدرتی آفات اور انسانی ہمدردی کے مواقع پر بھی مدد فراہم کرنے میں مؤثر ثابت ہوں گی۔ ان کی شمولیت سے پاکستان کی بحریہ کی کارکردگی اور رسائی مزید بہتر ہو جائے گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید