رواں سال 20 ہزار سے زائد تارکین وطن کے غیر قانونی طریقے سے برطانیہ میں داخلے نے لیبر حکومت کے بلند وبانگ دعوﺅں کو ریت کی دیوار ثابت کر دیا ہے۔
دو روز قبل فرانس سے تقریباً 9 سو کے قریب افراد چھوٹی کشتیوں پر سوار ہر کر ڈوور پہنچے جس کے بعد سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکومت تارکین وطن کی غیر قانونی آمدو رفت روکنے کے تمام دعوﺅں پر عملداری میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے، گزشتہ روز بھی تقریباً 3 سو کے قریب مہاجرین فرانسیسی ساحل سے برطانیہ کے لیے کشتیوں میں سوار ہوتے دیکھے گئے۔
چھوٹی کشتیوں کی آمد 2024 میں اسی مدت کے مقابلے میں 48 فیصد زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔
لیبر حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی سابقہ حکومت کے روانڈا سیاسی پناہ معاہدے کو ختم کیا اور تارکین وطن کی چینل کراسنگ روکنے کیلئے نئی حکمت عملی ڈیزائن کی مگر ایک سال گزرنے کے باوجود غیر قانونی آمد کو روکنے میں حکومت ناکام رہی ہے۔
شیڈو ہوم سیکرٹری کرس فلپ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کشتیاں روک نہیں سکی الٹا تعداد دو گنا تک پہنچ گئی ہے، غیرقانونی پناہ گزینوں کا حالیہ ریکارڈ بدترین شرح اور لمحہ فکریہ ہے۔