کھانوں میں میوہ جات کا استعمال

February 13, 2021

خشک میوہ جات قدرت کی عطا کردہ نعمت ہیں، جن کا اعتدال کے ساتھ استعمال انسان کو کئی طرح کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ خشک میوہ جات میں مونگ پھلی،بادام، پستہ، کاجو،کشمش، اخروٹ، انجیر اور چلغوزے شامل ہیں۔ موسمِ سرما میں خشک میوہ جات کا استعمال عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ ہوجاتا ہے۔

ہمیں چاہیے کہ موسم کی مناسبت سے اپنے معمولات میں تبدیلی لائیں کیونکہ موسم تبدیل ہونے سے انسان کے طبعی رجحانات، فطری میلانات اور جسمانی ضروریات میں بھی تبدیلی واقع ہو جاتی ہے۔ خشک میوہ جات جسم کو حرارت پہنچانے کا قدرتی اور سادہ ذریعہ ہیں۔

ان قدرتی غذائوں میں ہمارے لیے بیماریوں سے حفاظت اور شفایابی کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ موسم کی مناسبت سے متوازن غذائوں کا استعمال ہمیں ایک بڑی حد تک ضدی اور موذی امراض (کینسر ،امراض قلب اور کولیسٹرول) سے محفوظ رکھتا ہے۔ موسم سرما میں انسان کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ کار کردگی کے لحاظ سے نظامِ انہضام خوراک کو زیادہ سے زیادہ ہضم کرنے کے قابل ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ موسم ِ سرما میں خشک میوہ جات کا استعمال نہ صرف صحت کو بحال اور قائم رکھتا ہے بلکہ کئی جسمانی عوارض سے چھٹکارا بھی دلاتا ہے۔ آج ہم قارئین کی خدمت میں خشک میوہ جات سے بنائے جانے والے میٹھے اور نمکین کھانوں کی کچھ ریسیپیز پیش کررہے ہیں۔

خشک میوہ جات اور قورمہ

درکار اجزاء:

گوشت۔ آدھا کلو

ہلدی۔ دو چٹکی

دھنیا۔ آدھا چمچ

گھی/تیل۔ آدھا لیٹر

لہسن۔ سات جوے

لال مرچ۔ حسبِ ضرورت

ادرک۔ حسب ِضرورت

نمک۔ حسبِ ذائقہ

بادام۔ 125گرام

پستہ۔ 125گرام

مونگ پھلی۔ 125گرام

کشمش۔ 125گرام

دہی۔ 125گرام

ترکیب:

رات کو بادام پانی میں بھگو دیں اور صبح ان کا چھلکا اُتارکر تیل یا گھی میں فرائی کرلیں۔ اسی طرح پستے، مونگ پھلی اور کشمش کو بھی گھی میں ہلکا ہلکا فرائی کریں۔ گھی میں پیاز لال کرنے کے بعد مسالہ بھونیں اور پھر گوشت کو دہی سمیت ڈال کر بھونیں۔ اب میوے ڈال کر پانی ڈال دیں۔ جب گوشت گل جائے تو حسبِ ضرورت ایک بار پھر تھوڑا سا بھونیں اور پتیلی کو چولہے سے اتار لیں۔ اس میں گرم مسالے ڈال کر ڈھک دیں۔ کچھ دیر بعدخشک میوہ جات سے تیار قورمہ کھانے کے لیے پیش کریں۔

چکن نوابی ہانڈی

درکار اجزاء:

چکن بون لیس۔ آدھا کلو

نمک۔ حسبِ ذائقہ

لہسن پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

ادرک پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ 1½ کھانے کا چمچ

بادام، کاجو، پستہ کا پیسٹ۔ تین کھانے کے چمچ

ہری مرچ (چوپکی ہوئی)۔ دو عدد

دہی۔ 50گرام

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کاچمچ

گرم مسالہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ

پیاز (چوپ کی ہوئی)۔ 2½ کھانے کے چمچ

کریم۔ تین کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا۔ گارنشنگ کیلئے

مکھن۔ ایک کھانے کا چمچ

کھانے کا تیل۔ چار کھانے کے چمچ

کوئلہ۔ ایک عدد

ترکیب:

ایک برتن میں چکن لیں اور اس میں نمک، لہسن پیسٹ، ادرک پیسٹ، لیموں کا رس، بادام، کاجو اور پستہ کا پیسٹ، ہری مرچ، دہی، لال مرچ پاؤڈر، گرم مسالہ پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب ایک کڑھائی میں کھانے کا تیل ڈالیں اور اس میں پیاز اور تیار کی ہوئی چکن ڈال کر تین سے چار منٹ کے لیے دَم دے لیںاور پھر دو سے تین منٹ تک اچھی طرحبھون لیں۔

اب اس میں کریم ڈا ل کر ہرے دھنیے کو بطور گارنش استعمال کر لیں۔ اس میں مکھن ڈا ل کر دہکتا کوئلہ رکھیں اور پھر اس کے اوپر کھانے کا تیل یا مکھن ڈال کر ایک سے دومنٹ کا دَم دیں۔ لیجیے مزیدار چکن نوابی ہانڈی تیار ہے۔

شاہی حلوہ

درکار اجزاء:

مکھن۔ 3سے4کھانے کے چمچ

سوجی۔ 1½ کپ

گھی۔ ½ کھانے کا چمچ

چینی۔ ½ کپ

پانی۔ ½ کپ

الائچی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

دودھ۔ حسبِ ضرورت

زعفران (گارنش کیلئے)۔ ½ چائے کا چمچ

پستے (پسے ہوئے)۔ 2سے3کھانے کے چمچ

بادام (پسے ہوئے)۔ 2سے3کھانے کے چمچ

گھی۔ 2کھانے کے چمچ

کشمش۔2کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک چھوٹی پتیلی میں مکھن ڈال کر پگھلائیں، اس کے بعد اس میں سوجی ڈال کر بھونیں۔ بھوننے کے بعد آدھا کھانے کا چمچ گھی ڈال کر مزید بھونیں۔ اب چینی ڈال کر پھر سے اچھی طرح بھون لیں۔ پھر پانی ڈال کر تھوڑا سا اور پکائیں۔ اب اس میں پسی ہوئی الائچی، دودھ اور زعفران ڈالیں اور اچھے سے مکس کریں،یہاں تک کہ سوجی پک جائے۔ اب اس میں کٹے ہوئے پستے ڈالیں اور ایک بار پھر مکس کریں۔ اس کے بعد اس میں کٹے ہوئے بادام اور گھی ڈال کر مکس کریں۔ پھر کشمکش ڈالیں اور چمچ چلاتے رہیں۔ لیجیے مزیدار شاہی حلوہ تیار ہے۔

کابلی پلاؤ

درکار اجزاء:

چاول۔ ایک کلو

بکرے کی چانپ۔1½ کلو

تیل۔750گرام

دہی۔ ½ کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

پیاز (تل کر سنہری کرلیں)۔1عدد

پیاز (کٹی ہوئی)۔2عدد

ادرک (چوپ کرلیں)۔2انچ کا ٹکڑا

کشمش (تلی ہوئی)۔ ایک چوتھائی کپ

لہسن کے جوے (چوپ کرلیں)۔ 10عدد

بادام (کٹے اور تلے ہوئے)۔ ½ کپ

لیموں کا رس۔2کھانے کے چمچ

ثابت دھنیا۔ 2چائے کے چمچ

زعفران، کیوڑا۔ تھوڑا سا

سونف۔ 2چائے کے چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔ 1چائے کا چمچ

ثابت گرم مسالہ۔ تھوڑا سا

پانی۔ 8کپ

ترکیب:

سب سے پہلے چانپوں کو دھو کر اس میں پانی، نمک، ادرک، لہسن پیسٹ، کٹی ہوئی پیاز، دھنیا اور سونف ڈال کر تقریباً ایک گھنٹے تک پکائیں۔ جب چانپیں گَل جائیں تو انہیں نکال کر گرم تیل میں فرائی کر کے ایک پلیٹ میں رکھ لیں۔ چانپوں کی یخنی کو چھان کر علیحدہ رکھیں۔ زعفران اور کیوڑے کو مکس کرلیں۔ ایک پتیلی میں تیل گرم کریں۔

ثابت گرم مسالہ، چوپ کیا ہوا ادرک لہسن اور دہی ڈال کر بھون لیں اور اس میں یخنی ڈال کر پکائیں۔ جب اُبال آنے لگے تو بھگوئے ہوئے چاول ڈالیں۔ 5منٹ تیز آنچ پر پکائیں پھر نمک ڈال کر آنچ کم کردیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو چانپ ڈال کر دَم پر رکھیں۔ ڈش میں پہلے چاول، پھر اوپر چانپیں، پھر تلی ہوئی پیاز، تلی ہوئی کشمش، بادام، زعفران ملا کیوڑا اور لیموں کا رس ڈال کر سرونگ ڈش میں نکالیں۔ لیجیے مزیدار کابلی پلاؤ تیار ہے۔

مٹکا چکن ہانڈی

درکار اجزاء:

پیاز۔ 3عدد

ٹماٹر (باریک کٹے ہوئے)۔ 3عدد

بڑی الائچی۔ ایک عدد

چھوٹی الائچی۔ 2سے 3عدد

ثابت کالی مرچ۔ 5سے6عدد

تیز پات۔ 2عدد

لال مرچ۔ 4سے 5عدد

نمک۔ حسب ذائقہ

ادرک لہسن پیسٹ۔ 1½ کھانے کا چمچ

اجوائن۔ ½ چائے کے چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔ حسبِ ذائقہ

ہلدی پاؤڈر۔ ½ کھانے کے چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ 1½ کھانے کے چمچ

کشمیری لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ۔ 3سے 4عدد

کاجو۔ 5سے 6عدد

دہی۔ ایک کپ

چکن۔ آدھا کلو

تیل۔ آدھا کپ

کریم۔ 2سے3کھانے کے چمچ

گرم مسالہ پاؤڈر۔ 1½ چائے کا چمچ

ترکیب:

سب سے پہلے پیاز کو گرائنڈر کی مدد سے پیس لیں۔ پھر ٹماٹر، بڑی الائچی، چھوٹی الائچی، ثابت کالی مرچ، تیز پات، سوکھی لال مرچ، نمک، ادرک لہسن پیسٹ، اجوائن، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی، دھنیا پاؤڈر، کشمیری لال مرچ، ہری مرچ، کاجو اور دہی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب چکن ڈال کر پھر سے اچھی طرح مکس کریں اور30منٹ کے لیے میرینیٹ ہونے دیں۔ اس کے بعد ہانڈی میں تیل ڈالیں اور میرینیٹ کی ہوئی چکن شامل کردیں اور 4سے 5 منٹ کے لیے پکا لیں۔

بعدازاں ہانڈی کو ڈھک دیں اور آٹے سے سیل کردیں اور 30سے 40 منٹ کے لیے پکنے دیں۔ اب چولہا بند کرکے اس میں اچھی طرح کریم مکس کرلیں۔ ہانڈی کو پھر سے آنچ پر رکھیں، گرم مسالہ شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔ ڈھک کر 4سے 5منٹ کے لیے پکالیں۔ آخر میں ہری مرچوں کے ساتھ سجاوٹ کرکے گرما گرم نان کے ساتھ گھر والوں کے سامنے پیش کریں۔