لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کا 3 انتہائی کمزور جانوروں کو غیرطبعی موت دینے پر غور

February 24, 2021


لاہور کے چڑیا گھر کے 3 جانور طبعی عمر پوری کرنے کے بعد انتہائی کمزور اور لاغر ہوگئے ہیں، چڑیا گھر کی انتظامیہ نے انہیں غیرطبعی موت دینے کے لیے محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے نام خط تحریر کیا ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سفید ٹائیگر، زیبرا اور بھورا ریچھ اب خوراک لینے سے بھی قاصر ہیں۔

انتظامیہ نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ سفید ٹائیگر کی عمر 16 سال ہوگئی، قدرتی ماحول میں اس کی اوسط عمر 8 سے 10 سال ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ خون کی بیماری لاحق ہونے کے باعث یہ چلنے پھرنے سے بھی معذور ہوگیا ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بھورا ریچھ بھی طبعی عمر پوری کرچکا ہے، بھورے ریچھ کی اوسط عمر 25 سال جبکہ چڑیا گھر میں 30 سال تک ہوتی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ یہ بھورا ریچھ 2005 ء میں حافظ آباد سے لایا گیا تھا، اسے اب عوام کے سامنے بھی نہیں لایا جاتا۔

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق برچل زیبرا کمزوری اور نقاہت کے آخری مرحلے میں ہے، قدرتی ماحول میں اس کی طبعی عمر 25 سال ہوتی ہے جبکہ چڑیا گھروں میں یہ 16 سال تک زندہ رہتا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برچل زیبرے کو صرف فوڈ سپلیمنٹ دیے جا رہے ہیں۔

خط میں استدعا کی گئی کہ بیمار جانوروں کو تکلیف سے بچانے کے لیے تلف کرنے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے اگلے ماہ زو منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

اجلاس میں بیمار جانوروں کے بارے میں حتمی رپورٹ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کو بھجوائی جائے گی۔