PAC اجلاس، یوٹیلٹی اسٹورز پر غیرمعیاری اشیاء کی فروخت،معاملہ نیب کو دینے کی تجویز

February 25, 2021

اسلام آباد( نمائندہ جنگ ) پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی)نے یوٹیلٹی اسٹورز پر غیر معیاری اشیا کی فروخت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ نیب کے سپرد کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ کمیٹی نے ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی کے حوالہ سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اجلاس پی اے سی کے چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا۔ آڈٹ حکام نے پی اے سی کو بتایا کہ 64ریجنز میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کوالٹی اشورنس سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کر سکی۔ پی اے سی کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن ہر ماہ 23 ارب روپے کا کوکنگ آئل اور گھی خریدتی ہے۔آڈٹ حکام نے بتایا کہ ملک بھر کے 64ریجن میں سے صرف 11میں گھی کا کوالٹی اسٹینڈرڈ سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز گھی کی ہر سپلائی کا کوالٹی سرٹیفکیٹ لازمی ہے ۔چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا کہ پی اے سی نے تمام غیر معیاری تیل اور گھی تلف کرنے کی ہدایت کی تھی، کارپوریشن نے اس ہدایت پر عملدرآمد کرنے کی بجائے تحقیقات شروع کر دی ہے، لوگوں کی صحت انتہائی اہم ہے مگر ایم ڈی نے گھی اور تیل فروخت کر دیا، یہ ادارہ لوگوں کو سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کیلئے قائم ہوا تھا مگر یہ انسانی صحت سے کھیل رہا ہے، ایسے ادارے کو تو بند کر دینا چاہئے۔