پاکستانی نژاد امریکی بلاگر خاتون نے فاطمہ جناح کا روپ دھار لیا

February 25, 2021

پاکستان نژاد امریکی بلاگر عزت بی بی نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کا روپ دھار کر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اس ضمن میں عزت بی بی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مادرِ ملت فاطمہ جناح کی کچھ یادگار تصویروں کے ساتھ اپنی بھی تصویر شیئر کی۔

تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عزت بی بی کا لباس، ہیئر اسٹائل اور جیولری وغیرہ ہر ایک چیز مادرِ ملت جیسی ہے۔

پاکستانی نژاد امریکی بلاگر نے اپنی اس خوبصورت پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں عورت مارچ کے اعزاز میں 40 کی دہائی سے لے کر آج تک کئی دہائیوں تک پاکستان کی بااثر خواتین کو خراج تحسین پیش کر رہی ہوں۔‘

عزت بی بی نے لکھا کہ ’میں اپنا لباس، میک اپ اور ہیئر اسٹائل بالکل اُن نامور خواتین کی طرح بناؤں گی تاکہ اُنہیں اپنے منفرد انداز میں خراج عقیدت و تحسین پیش کرسکوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آج میں نے خود کا یہ روپ 1940ء میں مادرِ ملت فاطمہ جناح سے متاثر ہوکر بنایا ہے۔‘

پاکستانی نژاد امریکی بلاگر نے مزید لکھا کہ ’فاطمہ جناح بہت خوبصورت خاتون تھیں اور اگر آج کل کے زمانے میں کوئی خاتون سیاستدان اس طرح کا لباس پہنتی تو اُن کا مذاق اڑایا جاتا۔‘

عزت بی بی کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔