بنیادپرستی، تنگ نظری کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا، پشتون ایس ایف

February 26, 2021

اکوئٹہ(آن لائن )پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کی صوبائی الیکشن و آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل کی زیر صدارت گزشتہ روز باچا خان مرکز کوئٹہ میں ہوا،اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مزمل خان کاکڑ اور ممبر معصوم خان میرزئی نے شرکت کی، اجلاس میں ممبرسازی اور ستائیس فروری کے سیمینار کے ایجنڈے زیر غور لائے گئے اورممبرسازی کے حوالے سے مختلف اضلاع کا شیڈول طے کیا گیا جس کے مطابق یکم مارچ کو پشین اور چمن، تین مارچ کو ہرنائی، چار کو زیارت اور سنجاوی، پانچ کو دکی اور لورالائی، چھ کو موسیٰ خیل، سات کو ژوب اور شیرانی جبکہ آٹھ مارچ کو قلہ سیف اللہ اور مسلم باغ کا دورہ کیا جائیگا،اجلاس میں ستائیس فروری کوپی ایس ایف بیوٹمز کے سیمینار کے حوالے سے بات کی گئی اور ضلع کوئٹہ کی تمام یونٹوں کو تاکید کی گئی کہ پروگرام میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں سیمینار سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کرینگے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پشتون ایس ایف اپنے پروگرام اور سیکولر نظریات کے تناظر میں ہمیشہ ہر اس عمل کے آگے ڈٹ کر مقابلہ کرے گا جو بنیادپرستی، تنگ نظری اور استحصال کو تقویت بخشے گا تنظیم مادر وطن میں ناخواندگی کے خاتمے تک جدوجہد کرتی رہے گی۔