سجل نے بلال عباس کیساتھ فلم سائن کر لی

February 26, 2021

پاکستان کی خوبرو معروف اداکارہ سجل علی اور اداکار بلال عباس خان ایک ساتھ فلم میں نظر آئیں گے۔

پاکستان سمیت بھارت اور ہالی ووڈ میں اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ سجل علی نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنا دی ہے۔

سجل علی اور اداکار بلال عباس خان کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر ایک ساتھ فلم ’ کھیل کھیل میں‘ سائن کرنے سے متعلق معلومات اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔

سجل علی کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ساتھ میں ’بسم اللّٰہ‘ لکھا گیا ہے جبکہ اداکار بلال عباس خان نے اپنے اکاؤنٹ پر مداحوں کو یہ خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ پہلی بار پاکستان کے بہترین ہدایتکار اور پروڈیوسر کے سا تھ کام کرنے جا رہے ہیں،‘ اور ساتھ میں بلال عباس کا کہنا ہے کہ ’ اس بار ملتے ہیں تھیٹر میں۔‘


کچھ دیر قبل ہی ان دونوں فنکاروں کی جانب سے شیئر کی گئی یہ پوسٹ انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو گئی ہے جس پر دونوں کے مداح خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سے ان دونوں فنکاروں کو پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور ستاروں کی جانب سے بھی ’گُڈ لَک‘ کہا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سجل علی اور بلال عباس کی فلم’ کھیل کھیل میں‘ کے ہدایتکار نبیل قریشی جبکہ پروڈیوسر فضا علی میرزا ہیں۔