مختلف علاقوں سے 3 افراد کی لاشیں ملیں، دیگر واقعات میں 2 افراد جاں بحق

February 28, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں سے 3 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ دیگر واقعات میں 2افراد جاںبحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن 10 نمبر مسجد کے قریب بنے ہوئے کمرے سے ایک شخص کی تعفن زدہ لاش ملی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،متوفی کی شناخت 50 سالہ سید سیف شاہ کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہو سکا ،بوٹ بیسن کے علاقے بلاول چورنگی کے قریب واقع کوم اپارٹمنٹ سے ایک شخص کی لاش ملی ، متوفی کی شناخت 45 سالہ ناصر احمد کے نام سے ہوئی،پولیس کے مطابق متوفی عمارت کا سیکیورٹی گارڈ تھا جس نے گارڈ روم میں اپنے ساتھی کے ہمراہ کھانا کھایا جس کے بعد اس کا ساتھی چائے لینے گیا، جب وہ واپس آیا تو وہ وہ کمرے میں مردہ پایا گیا ، وجہ موت کو دل کا دورہ قرار دیا گیا ہے۔نیو کراچی سندھی ہوٹل کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ، متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی ،پولیس کے مطابق متوفی کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ،متوفی کی عمر 28 سال کے قریب بتائی جاتی ہے ، مچھر کالونی ماسٹر چوک کے قریب مکان سے ایک نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی ہے جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا، متوفی کی شناخت 24 سالہ سید نور ولد سید یوسف کے نام سے کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ نوجوان نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کی ہے تاہم فوری طور پر خود کشی کی وجہ سامنے نہیں آسکی ،ملیر سٹی ریلوے پھاٹک کے قریب ٹرین کی ٹکر سے 18سالہ مجید علی جاں بحق ہوگیا۔