پشاور، خدائی خدمتگار تنظیم یکم مارچ سے شجرکاری مہم کا آغاز کریگی

February 28, 2021

پشاور( جنگ نیوز )سی ای او باچا خان ٹرسٹ ایمل ولی خان کی ہدایات پر خدائی خدمتگارتنظیم یکم مارچ سے صوبہ بھر میں ہفتہ شجرکاری مہم کا آغاز کرے گی۔ سی ای او باچا خان ٹرسٹ ایمل ولی خان یکم مارچ کو باچا خان مرکز میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں خدائی خدمتگار تنظیم کے سالاراعظم ڈاکٹر شمس الحق نے کہا ہے کہ پھلدار اور پھولدار پودے و درخت ایک طرف اگر ماحول کی خوبصورتی اور ہوا کو صاف رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں تو دوسری جانب ان سے مالی فوائد بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں خدائی خدمتگار تنظیم کے عہدیدار اور رضاکار صوبہ بھر میں اس مہم کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم خدائی خدمتگار تنظیم کے عہدیداران کو بھی اس بارے ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور وہ بھی اپنے ممالک میں اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے ماحول کو خوشگوار بنانے میں اپنے حصے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ دریں اثنا صدر عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا ایمل ولی خان نے پارٹی کارکنان کو بھی ہدایت کی ہے کہ خدائی خدمتگار تنظیم کے ساتھ شجرکاری مہم میں حصہ لیں اور اپنے علاقوں میں پودے لگا نے کے ساتھ ساتھ عوام میں بھی اس بارے شعور اور آگاہی پھیلانے میں اپنا بھرپور کردار کریں کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔