چین کے شہر شنگھائی میں اچانک زمین پھٹنے سے ایک سڑک کا بڑا حصہ زمین میں دھنس گیا۔
اس خوفناک منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زمین پھٹنے کے بعد صرف چند لمحوں میں ہی سڑک کا ایک بڑا حصہ زمین کے اندر دھنس گیا اور ایک بڑا گڑھا بن گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ہولناک واقعہ مبینہ طور پر 12 فروری کی صبح شنگھائی کے منہانگ ڈسٹرکٹ میں کیکسن روڈ اور لیان روڈ کے چوراہے پر پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ کیکسن روڈ اسٹیشن پر نئی جیامِن میٹرو لائن کے لیے شیلڈ ٹنلنگ کے دوران پانی کے بہاؤ کی وجہ سے پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق چائنا ریلوے ٹنل گروپ کے ٹھیکیدار مبینہ طور پر وہاں تعمیراتی کام کر رہے تھے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد کیکسن روڈ اور لیان روڈ کے چوراہے کی جانب آنے والے تمام راستوں کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔