سپورٹس گالا، جشن بہاراں کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

February 28, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان میں سپورٹس گالا اور جشن بہاراں کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں ہیں، تمام محکموں کو فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لئے ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں،اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی،فیسٹیول کی فوکل پرسن سبین گل ایم پی اے کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق ڈوگر،چیف ٹریفک آفیسر ایس پی ظفر بزدار،پی ایچ اے،سپورٹس،ایم ڈی اے اور ایم ڈبلیو ایم سی کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جب کہ سوشل ویلفیئر،آرٹس کونسل،جامعہ زکریا اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔سبین گل نے کہا کہ تھیٹر، تقافتی میلہ اور میوزیکل پروگرام فیسٹیول کا حصہ ہونگے،پورے شہر میں جھومر پارٹی کے ہمراہ عوامی بگھی چلے گی،مشاعرہ میں ملتان،بہالپور،ڈی جی خان اور ڈی آئی خان سے شاعر شرکت کریں گے، مرد اور خواتین کے علیحدہ علیحدہ کرکٹ میچ ہونگے،خواتین اور مردوں کے الگ الگ رسہ کشی کے مقابلے بھی منعقد ہونگے،مینا بازار لگائے اور شہر کے چوکوں اور چوراہوں کو سجایا گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمر الزمان قیصرانی نے کہا کہ فیسٹیول کے لئے قلعہ کہنہ قاسم باغ کا انتخاب کیا گیا ہے،سپورٹس کے مقابلے5 مارچ کو شروع ہو جائیں گے،منی میرا تھن ریس کا دلچسپ مقابلہ فیسٹیول کا حصہ ہو گا،ریس ایمرسن کالج سے شروع ہو کر سپورٹس گراونڈ پل موج دریا پر اختتام پذیر ہو گی۔سی ٹی او ظفر بزدار نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں ٹریفک پولیس اور میڈیا کی ٹیمیں ٹکرائیں گی،ٹریفک پولیس اور وکلاءکی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بھی میدان لگے گا،ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو کے ذریعے شہریوں کو فیسٹیول بارے ہمہ وقت آگاہ رکھے گی،ٹریفک پولیس فیسٹیول کے موقع پر منظم ٹریفک پلان تشکیل دے گی۔