عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر سول ڈیفنس کے زیراہتمام تقریب

March 02, 2021

کوئٹہ(خ ن)دنیا بھر میں یکم مارچ شہری دفاع کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اس دن کی مناسبت سے کوئٹہ میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں شہری دفاع کے عملے نے عملی مظاہرے کئے ۔شہری دفاع کادن منانے کامقصدعوام کی شہری دفاع کی اہمیت کی جانب توجہ دلانا اور ناگہانی آفات کے دوران خدمات انجام دینے والے افراد کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ شہری دفاع کی تربیت لینے والی خواتین اور بچوں کا کہنا تھا کہ شہری دفاع کی تربیت حاصل کر کے نہ صرف اپنی زندگی بچائی جا سکتی ہے بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی بچایا جا سکتا ہے ۔اس موقع پر شہری دفاع کے ساز و سامان کی نمائش بھی کی گئی۔عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر سول ڈیفنس بلوچستان محمد احمد درانی اور کوئٹہ ڈویژن کے ہیڈ شہباز حسین کی زیر صدارت تقریب منعقد ہوئی ۔جس میں مختلف مکاتب سے تعلق رکھنے والے لوگوں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کا رڈاور بینرز اٹھارکھے تھے۔