ہیوسٹن میں برفانی طوفان، مصائب کے شکار افراد کیلئے پاکستان سینٹر کے باہر امدادی مہم

March 02, 2021

‎پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں کے زیر انتظام ہیوسٹن میں برفانی طوفان کے باعث تنگدستی اور مصائب کے شکار افراد کے لیے پاکستان سینٹر کے باہر امدادی ڈرائیو کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر رکن کانگریس ایل گرین، قونصل جنرل ابرار ہاشمی، سعید شیخ اور ہارون شیخ نے رضاکاروں کے ہمراہ ایک ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں میں کمبل، گروسری، پانی اور دیگر اشیاء ضرورت تقسیم کیں۔

‎اس موقع پر ہیوسٹن فوڈ بینک کو امدادی چیک بھی پیش کیا گیا۔

‎امدادی مرکز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی نے جذبہ انسانی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طوفان ہاروی ہو یا کترینا ہر مصیبت کی گھڑی میں، پاکستانی کمیونٹی نے امدادی کاموں میں قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔

‎قونصل جنرل ابرار ہاشمی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعید شیخ، ہارون شیخ، ڈاکٹر یعقوب شیخ، بینا شیخ میاں نذیر سمیت رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں بشمول نصرت لغاری، فرح خان، شہنیلا ہمایوں، محمود احمد، ماریہ عثمانی، رحمان پٹیل، سمیع خلیق، الیاس چودھری، محمد سلیم اور دیگر کے جذبے اور محنت کو سراہا۔

‎متاثرہ افراد کی مدد کے لیے یہ امدادی مرکز الائنس فار ڈس ایسٹر ریلیف، اپنا الائنس، روپانی فائونڈیشن ہیوسٹن فوڈ بینک، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن ابن سینا فاؤنڈیشن اور PAGH کی مشترکہ کاوشوں سے قائم کیا گیا تھا۔

‎اس موقع پر امدادی مہم کے منتظمین نے گراں قدر تعاون پر ممتاز آئل ٹائیکون جاوید انور، ہیوسٹن فوڈ بینک، ٹیکساس جیسمین، ہائی نس آغا خان کونسل ساؤتھ ویسٹ امریکہ، پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے والنٹیئرز سمیت ہیلپنگ ہینڈ اور کمیونٹی میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔