بریڈ فورڈ: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس کا پارٹی پر چھاپہ

March 03, 2021

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل )لاک ڈاؤن قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف پولیس کا چھاپا، خلاف ورزی کے مرتکب 10 افراد میں ہر ایک کو 200 پونڈ کا جرمانہ۔ مقامی میڈیا کے مطابق بریڈفورڈ ایسٹ نیبر ہڈ پولیسنگ ٹیم (این پی ٹی) اور بریڈفورڈ کونسل نے یہ جرمانے اس وقت جاری کیے جب یہ لیڈز روڈ پر ایک کار پارک میں مختلف گھرانوں کے افراد شیشہ تمباکو نوشی اور ٹیک وے سے کھانے پینے کے لئے جمع تھے۔ پولیس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا موجودہ لاک ڈاؤن میں باہر ہونا مناسب معقول عذر نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ لاک ڈاؤن قوانین میں نرمی لانے کے لئے حکومت کے حالیہ اعلان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ویسٹ یارکشائر پولیس کے ترجمان نے کہا کہ کووڈ کی خلاف ورزی کی اطلاعات کے بعد بریڈفورڈ ایسٹ این پی ٹی نے بریڈ فورڈ کونسل کے ساتھ مل کر ایک منصوبہ بند آپریشن کیا۔افراد نے لیڈز روز پر شیشہ لاونج کے احاطے میں متعدد مختلف گھرانوں کے دس افراد کو جمع پایا۔جس پر ہر ایک سے 200 £ جرمانہ وصول کیا گیا۔ویسٹ یارکشائرپولیس کورونا وائرس کے ضوابط کی خلاف ورزیوں پر موصول ہونے والی کسی بھی معلومات پر مثبت کارروائی کرنے کے لئے شراکت دار ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔