پی ٹی آئی نارتھ ویسٹ کے الیکشن میں آصف بٹ صدر منتخب

March 07, 2021

بولٹن (ابرار حسین) پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے مختلف شہروں میں تنظیم سازی کا عمل مکمل ہوگیا، تحریک انصاف نارتھ ویسٹ کے انتخابات میں شہناز صدیق کے123ووٹوں کے مقابلے میں1028ووٹ لے کر آصف بٹ صدر منتخب ہوگئے، انہوں نے اپنی کامیابی کے بعد جنگ، جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے ٹھیس نہیں پہنچائوں گا، انہوں نے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میری کامیابی کے لیے جس طرح دن رات محنت کی اس سے ان کے ساتھ جڑے ہوئے سیاسی رشتے کو ٹوٹنے نہیں دوں گا، انہوں نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف وطن عزیز میں نظام کی تبدیلی کے لیے بھرپور جدوجہد کررہی ہے، اب اندرون اور بیرون ملک آباد پاکستانیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عمران خان کا ساتھ دیں، اس سلسلے میں اوورسیز پاکستانیوں کا پہلے ہی بہت بڑا حصہ ہے، لہٰذا نظام کی تبدیلی کے لیے اب وقت ہے پوری قوم اپنا بھرپور کردار ادا کرے، انہوں نے کہا، عمران خان نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور باقی جماعتوں کی طرح عوام کو فرین دینے کے لیے کوئی نعرہ نہیں دیا، افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ جذباتی سیاست کا رجحان رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک کو وطن فروش اور ضمیر فروش ہی ملے لیکن اب پاکستان میں عمران خان کی صورت میں ایک سرفروش لیڈر ملا ہے جو ایک اصول پسند نڈر اور باطل سے ٹکڑا جانے والا لیڈر ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں، تاکہ ملک پر چھائے ہوئے مایوسیوں کے بادل چھٹ سکیں اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ اس موقع پر موجود ویسٹ مڈ لینڈ کے جنرل سیکریٹری عبدالستار رانا ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے لیے عمران خان ہی ایک امید کی کرن ہیں، ایسا لیڈر قوموں کی زندگی میں کبھی کبھی آتا ہے۔ بولٹن کے سابق جنرل سیکرٹری نوید اختر بھٹی نے کہا کہ عمران خان کو جب بھی ضرورت پڑی اوورسیز میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری ان کے شانہ بشانہ کھڑے نطر آئیں گے، جبکہ دیگر رہنمائوں میں عمران خان، شیخ شعیب رشید اور فاروق تاج بھی موجود تھے۔