بیٹی کی منگنی کی خبر پر shahid khan afridi شاہد آفریدی نے خاموشی توڑ دی

March 07, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی سے بیٹی کا رشتہ ہونے کی خبر پر خاموشی توڑ دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے بیٹی کا رشتہ مانگنے کی تصدیق کردی۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے خاندان نے میری بیٹی کا رشتہ مانگا ہے، دونوں خاندان رابطے میں ہیں۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ رشتے آسمانوں پر بنتے ہیں، اللّٰہ کی مرضی ہوئی تو یہ رشتہ طے ہوجائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کی کرکٹ کے میدان میں تسلسل سے کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

اس سے قبل شاہد آفریدی خاندانی ذرائع نے شاہین آفریدی سے بیٹی کی منگنی سے متعلق موقف دیا تھا اور شاہین شاہ آفریدی کی فیملی کی طرف سے رشتہ مانگنے کی تصدیق کی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ابھی شاہد آفریدی کی بیٹی پڑھ رہی ہے اور شاہین بھی کرکٹ میں مصروف ہے، دو سال بعد منگنی اور شادی ایک ساتھ ہوگی۔

شاہین شاہ آفریدی کے والد ایاز خان نے میڈیا کو سب سے پہلے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگنے کی خبر دی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی جلد طے پا جائے گی۔