ہمارے کارکنان کو خواتین سے ایسا سلوک نہیں کرنا چاہئے تھا، فردوس عاشق اعوان

March 08, 2021


وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ہفتے کے روز پارلیمنٹ کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی نون لیگی رہنماؤں پر حملے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان کو خواتین سے ایسا سلوک نہیں کرنا چاہئے تھا۔

فردوس عاشق اعوان نے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے دھول چاٹنے کے بعد پنجاب کا رخ کیا ہے، پنجاب میں غیرت مند لوگ رہتے ہیں، بکاؤ مال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضمیر فروشوں کو جگہ نہیں ملے گی، پنجاب وزیراعلی عثمان بزدارکی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان معاشرے کی سوچ اور رویہ میں اکیلے تبدیلی نہیں لاسکتے، ہر شخص کا کردار گھر سے شروع ہوتا ہے، ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پیش آنے والا واقعہ افسوسناک تھا، پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے واقعہ کی ذمہ داری دونوں پر عائد ہوتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اجتماع کی جگہ پر اپوزیشن کو نہیں آنا چاہئے تھا، ہمارے کارکنان کو خواتین کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرنا چاہئے تھا۔