کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلیٹی

March 16, 2021

دورِ جدید میں دنیا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اقوامِمتحدہ نے دنیا کا مستقبل بنانے کیلئے رکن ملکوں کو پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs)دیے ہیں، جس کے تحت 17مختلف شعبہ جات میں انھوں نے 2030ء تک مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے ہیں۔ ان اہداف کے حصول میں کاروباری اداروں کا کردار بھی اہم ہے۔ تعلیم، صحت، ماحولیات، صنفی مساوات وغیرہ ایسے شعبہ جات ہیں، جہاں کاروباری اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بہ الفاظ دیگر، ان شعبہ جات میں کام کرنے والے اداروں، کارپوریشنز اور کمپنیوں کو سوشلی ریسپانسیبل(Socially Responsible)کہا جاتا ہے۔

آج کے صارفین اور سرمایہ کار بھی باشعور ہیں۔ وہ ان کمپنیوں کی خدمات اور مصنوعات خریدتے یا ان میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، جو ان کے پیسے کا ذمہ دارانہ استعمال کرتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے آج تقریباً ہر کاروباری ادارے نے علیحدہ سے کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلیٹی (CSR)کے ڈویژن قائم کیے ہوئے ہیں کیونکہ اگر آپ کا ادارہ یا آپ کی کمپنی یہ بات بتانے میں کامیاب رہتی ہے کہ آپ اپنی آمدنی کو پائیدار ترقی اور سماجی مقاصد کو آگے بڑھانے میں استعمال کرتے ہیں تو صارفین اور سرمایہ کاروں کی نظر میں آپ کی قدر و قیمت اور بڑھ جاتی ہے۔

اگر آپ ایک Socially Responsible کمپنی ہیں اور اپنی اس خصوصیت کو کمپنی کے فائدے اور منافع یاآمدنی میں اضافے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، تو ایسا بالکل ممکن ہے۔ تاہم اس سے قبل آپ کو لازمی طور پر اپنی کمپنی کے درج ذیل تین ایریاز پر کام کرنا ہوگا۔

مشن اسٹیٹمنٹ

کیا آپ سماجی طور پر ایک ذمہ داری کمپنی ہیں؟ جی ہاں! تو یہ بات سب سے پہلے آپ کے مشن اسٹیٹمنٹ پر نمایاں طور پر درج ہونی لازمی ہے۔ مشن اسٹیٹمنٹ آپ کی کمپنی کا وہ اہم ایریا ہوتا ہے، جو بتاتا ہے کہ آپ کی کمپنی اگر اپنا وجود رکھتی ہے تو اس کا مقصد کیا ہے اور وہ اس مقصد کو کیسے حاصل کرنا چاہتی ہے۔ کمپنی کے تمام فیصلے جیسے کہ نئی مصنوعات، مارکیٹنگ پلانزاور بزنس اِنیشیٹوز، یہ سب آپ کے مشن اسٹیٹمنٹ کے عکاس ہونے چاہئیں۔ اگر آپ کا مشن اسٹیٹمنٹ کہتا ہے کہ آپ سماجی طور پر ذمہ داری کمپنی ہیں، تو آپ کے تمام کاروباری فیصلے اس ذمہ داری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔

سماجی طور پر ذمہ دار کمپنی کا عکاس مشن اسٹیٹمنٹ تخلیق کرنے کے لیے، آپ کو اپنے کاروبار کے مجموعی ویژن سے شروع کرنا چاہیے، جس کے بعد مخصوص شعبہ جات میںاپنے لائحہ عمل پر روشنی ڈالنی چاہیے کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں اور لوگوں یا انڈسٹری پر کس طرح اثرانداز ہونگے۔

کمپنی کے بزنس اسٹیٹمنٹ کی بنیاد پر کاروباری اہداف مقرر کرنا بھی فائدہ مند رہتا ہے۔ یاد رکھیں، وہ اہداف بہتر ہوتے ہیں، جنھیں چھوٹے چھوٹےسنگِ میل میں تقسیم کرکے قدم بہ قدم حاصل کیا جائے۔

باصلاحیت افرادی قوت

ایک سماجی طور پر ذمہ داری کمپنی اپنی ٹیم کے لیے ایسے لوگوں کا انتخاب کرتی ہے، جو اس کے مشن پر یقین رکھتے ہیں۔ اس لیے ایسے ملازمین کی خدمات حاصل کریں، جو کمپنی کے مشن کو سمجھتے ہوں اور اسے حاصل کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ ایسے افراد کا انتخاب کریں، جن کا تجربہ آپ کی کمپنی کے اقدار کے ساتھ ہم آہنگ ہو اور روزِ اول سے کمپنی کے مشن کو آگے لے جانے کے لیے پرعزم اور ذہنی و دلی طور پر تیار ہوں۔ اگر نئے لوگوںکو تیار کرنے کا مرحلہ آئے تو، اس عمل میںبھی اپنی کمپنی کے مشن اسٹیٹمنٹ کو کلیدی اہمیت دیں۔

مزید برآں، اگر آپ کا سماجی طور پر ذمہ دار کمپنی کا مشن اسٹیٹمنٹ کسی خاص خطے اور آبادیاتی طبقے سے متعلق ہو تو لوگوں کی خدمات حاصل کرتے وقت اس خطے اور آبادیاتی طبقے کو ہدف بنائیں۔ مثلاً، اگر علاقے یا خطے کےبے گھر افراد کو گھر فراہم کرنا آپ کے مشن اسٹیٹمنٹ کا حصہ ہے تو یہ ضروری ہے کہ ایسے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی کمپنی میںروزگار کے مواقع بھی فراہم کریں۔ وہ لوگ کسی بھی دیگر شخص کے مقابلے میں، آپ کے مشن اسٹیٹمنٹ کے ساتھ زیادہ مخلص ہونگے۔

اشتراک

ضروری نہیں کہ سماجی طور پر ذمہ داری کمپنیاں سارا کام اپنے بل بوتے پر کریں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کئی سماجی اہداف حاصل کرنے کیلئے آپ دیگر اداروں کے ساتھ اشتراک قائم کریں۔ ہرچندکہ یہ ممکن ہے کہ آپ کی کمپنی اپنے شعبہ میں کام کرنے والی سب سے بہترین کمپنی ہو، تاہم یہ ضروری نہیں کہ یہ وہ کام بھی سب سے بہتر کرسکے، جو آپ سماجی ذمہ داری ادا کرنے کے تحت کرنے کے خواہاں ہیں۔ غالباً، اس کام کیلئے کوئی ’’نان پرافٹ آرگنائزیشن‘‘ زیادہ بہتر انتخاب رہے گی، جس کے اشتراک میں آپ مؤثر اور بہترین نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔

فرض کریں کہ آپ ایک ایسی کمپنی چلاتے ہیں، جس کا مشن اسٹیٹمنٹ ’’ماحولیات کا تحفظ‘‘ کرنا ہے، جبکہ آپ کے کاروبار میںمختلف مصنوعات میںپلاسٹک استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسے میں آپ کی صلاحیتیں ماحولیاتی تحفظ کے پروگرامز کو ڈیزائن اور ایگزیکیوٹ کرنےکیلئے ناکافی ہونگی۔ یہاں آپ کو ایسے نان پرافٹ اداروں کے ساتھ اشتراک کرنا ہوگا، جو پہلے سے ماحولیاتی تحفظ کے پروگرام چلانے کی صلاحیت اور تجربہ رکھتے ہوں۔ آپ اپنا کاروبار چلانے کے ساتھ ساتھ ان کے اسپیشل پراجیکٹس کو اسپانسر کرسکتے ہیں۔

آپ اپنی سماجی ذمہ داری کے کاموں کو فخریہ طور پر عوام کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ اس کے آپ کی کمپنی کے مستقبل اور آمدنی پر دور رس اور مثبت نتائج مرتب ہونگے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے ادارے کے ذاتی اقدار آپ کے کاروبار سے مطابقت رکھتے ہوں۔

یہ تمام اقدامات، آپ کی سماجی طور پر ذمہ دار کمپنی کی ساکھ کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنیںگے۔ اس کے علاوہ، نئے صارفین کے آپ کی طرف متوجہ ہونے کےنئے مواقع پیدا کرنے کا سبب بھی بنیںگے۔ اس طرح آپ کی سیلز بڑھے گی، جس کا نتیجہ بالآخر کمپنی کے منافع میں اضافے کی صورت میں نکلے گا۔