امریکا کا افغانستان سے افواج واپس نکالنے کا اعلان

April 14, 2021

امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا باضابطہ اعلان کردیا۔

امریکی صدر نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امریکی کی سب سے طویل جنگ کا خاتمہ کیا جائے اور امریکی فوج کو افغانستان سے واپس بلایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ رواں برس 11 ستمبر سے افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا ہوگا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان، روس اور چین کا کردار اہم ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی مدد کے لیے مزید اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے افغانستان میں اہداف مکمل کرلیے، اسامہ بن لادن ہلاک ہوچکا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا خطے کے دیگر ممالک پاکستان، چین، روس، بھارت اور ترکی کو کہے گا کہ افغانستان کی معاونت کریں۔

خیال رہے کہ برطانیہ کے ساتھ ساتھ نیٹو نے بھی افغانستان سے اپنی فوجیں واپس نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔