کراچی: کین سائینو ویکسین کولڈ اسٹوریج میں رکھ دی گئی

April 17, 2021

کراچی کی ایک نجی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈریپ کے بروقت اقدامات نہ کرنے کے باعث کین سائینو ویکسین کولڈ اسٹوریج میں رکھی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کین سائینو ویکسین کے 10ہزار ڈوز نجی کمپنی کی جانب سے چین سے درآمد کیے گئے۔

کمپنی ذرائع کے مطابق کراچی کی نجی کمپنی نے ملک کے 3 اسپتالوں سے معاہدہ کیا ہوا ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کاغذی کارروائی میں تاخیر کے باعث ویکسین کو کولڈ اسٹوریج میں رکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ کاغذی کاروائی جلد مکمل کرلی جائے گی۔

ڈریپ ذرائع نے بتایا کہ ویکسین کے نمونے بائیولوجیکل ویری فکیشن کے لیے نیشنل بائیولوجیکل لیب بھجوادیے گئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جب تک نیشنل بائیولوجیکل لیب کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوگا ویکسین کو بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈریپ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ڈریپ کی اجازت قیمت اور نیشنل بائیولوجیکل لیب کے سرٹیفکیٹ سے مشروط ہے۔