پشاور ، مضافاتی علاقوں میں قائم بنیادی مراکز صحت میں سہولیات کا فقدان

April 19, 2021

پشاور ( وقائع نگار )پشاور کے مضافاتی علاقوں میں قائم بنیادی مراکز صحت میں سہولیات کا فقدان ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے نواحی علاقے متنی، ادیزئی، بڈھ بیر، سلیمان خیل، ارمڑ، سوڑیزء، ماشو خیل اور کگہ ولہ سمیت پشاور کے دیگر دیہاتی علاقوں کی مراکز صحت میں ایکسریز و الٹرا ساؤنڈ مشینوں، سٹریچروں اور ویل چیئر ز سمیت دیگر سہولیات کی کمی ہے اور ادویات ناپید ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں کے مریضوں کی پریشانی میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ کورونا کے باعث ہسپتالوں کے او پی ڈی بند ہونے سے بھی مذکورہ مراکز پر عوام کا دارومدار بڑھ گیا ہے تاہم سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان علاقوں کے عوام نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی وزیر صحت سے اصلاح واحوال اور تمام تر ضروری سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بڑے ہسپتالوں میں او پی ڈی سروسز بند کر دی گئی ہے اس لئے پشاور کے تمام بنیادی مراکز صحت کو سہولیات کی فراہمی کی جائے