رمضان المبارک میں ہر قسم کے کاروبارکو کھولنے کی اجازت دی جا ئے،بزنس مین پینل

April 21, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)بزنس مین پینل پاکستان کے صوبائی نائب صدر وسابق صدر کوہاٹ چیمبرآف کامرس رشیدپراچہ نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں اتوار کی بجائے تاجربرادری جمعہ کو ہفتہ وار چھٹی کرتے ہیں جبکہ اوپر سے حکومت نے کوروناوباءکی وجہ سے کاروباری اوقات محدود کرکے ہفتہ، اتوار تمام کاروبار بند کرنے کا فیصلہ ہے جس پر تاجربرادری کو شدید تحفظات ہے اور حکومت مزید وقت ضائع کیے بغیر مذکورہ نوٹیفیکیشن کو منسوخ کرکے رمضان المبارک میں ہر قسم کے کاروبارکو کھولنے کی اجازت دی جائے بصورت دیگر لوگ کورونا وائرس سے مرنے کے بجائے غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے خود ہی دم توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوتمام چیمبرز کی طرف سے خطوط کے ذریعے آگاہ کیا گیا لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے چونکہ یہ کاروبارکے عروج کا سیزن ہے اور اگر تاجربرادری لگاتار تین دن کاروباری سرگرمیاں معطل کرکے کاروباری اوقات کار کو محدود کرنے پر مجبور کیا گیا تو اگلے سال تاجربرادری کے لیے ٹیکس دینا مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کاروباری اداروں کو لگاتار دو دن تک بند رکھنا اور انہیں ہفتے کے باقی دنوں میں محدود اوقات کار کے ساتھ کام کرنے پر مجبور کرنے کے نتیجے میں بہت سارے کاروباری دیوالیہ ہوگئے جس سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری اور انتشار پھیلے گا۔جنوبی اضلاع کی تمام مارکیٹوں سے تعلق رکھنے دکانداروں کی جانب سے بے پناہ شکایات موصول ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ حکومت ممکنہ حل نکالیں تاکہ کورونا کے وبائی مرض سے لوگوں کو بھی بچایا جاسکے اورغریب دکانداروں، چھوٹے تاجروں کو بھی کوئی نقصان نہ پہنچے جو مزیدصدمہ برداشت نہیں کرسکتے۔