کرسی پر نماز پڑھنا

April 23, 2021

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔آج کل لوگ کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھتے ہیں۔ پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا۔اس بارے میں کیا حکم ہے؟

جواب:۔جو شخص بیماری کی وجہ سے کھڑے ہونے پر قادر نہیں، یا کھڑے ہونے پر قادر ہے، لیکن زمین پر سجدہ کرنے پر قادر نہیں ہے، یا قیام و سجود کے ساتھ نماز پڑھنے کی صورت میں بیماری میں اضافہ یا شفا ہونے میں تاخیر یا ناقابلِ برداشت درد کا غالب گمان ہو تو ان صورتوں میں وہ بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے، البتہ کسی قابلِ برداشت معمولی درد یا کسی موہوم تکلیف کی وجہ سے فرض نماز میں قیام کو ترک کردینا اور بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں۔ اسی طرح جو شخص فرض نماز میں مکمل قیام پر تو قادر نہیں، لیکن کچھ دیر کھڑا ہو سکتا ہے اور سجدہ بھی زمین پر کرسکتا ہے توایسے شخص کے لیے اُتنی دیر کھڑا ہونا فرض ہے، اگر چہ کسی چیز کا سہارا لے کر کھڑا ہونا پڑے، اس کے بعد وہ بقیہ نماز زمین پر بیٹھ کر پڑھ سکتا ہے۔

جو شخص زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کے ساتھ زمین پر سجدہ کرنے پر بھی قادر ہو،اُسے زمین پر ہی نماز پڑھنی چاہیے، یہ طریقہ سنت کے قریب ہے۔اگر زمین پر سجدہ کرنے پر قادر نہیں تو ایسی صورت میں شروع ہی سے زمین یا کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے۔ اس صورت میں اس کی نماز اشاروں والی ہوتی ہے، اس کے لیے بیٹھنے کی کوئی خاص ہیئت متعین نہیں ہے، وہ جس طرح سہولت ہو ،بیٹھ کر اشارے سے نماز پڑھ سکتا ہے، چاہے زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھے یا کرسی پر بیٹھ کر، البتہ زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنا زیادہ بہتر ہے، لہٰذا جو لوگ زمین پر بیٹھ کر نماز ادا کرسکتے ہیں تووہ زمین پر بیٹھ کر نماز ادا کریں، اور اگر زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنے میں مشقت ہوتو وہ کرسی پر بیٹھ کر فرض نمازیں، وتر اور سنن سب پڑھ سکتے ہیں۔

ایسی صورت میں (یعنی جب قیام پر قدرت نہ ہو، یا زمین پر سجدے کی قدرت نہ ہو) چوں کہ قیام ساقط ہوجاتاہے، اس لیے ایسے مریض کے لیے افضل یہ ہے کہ وہ مکمل نماز بیٹھ کر ادا کرے، البتہ اگر قیام کے دوران قیام کرے اور رکوع وسجود بیٹھ کر اشارے سے کرے تو یہ بھی جائز ہے، لہٰذا ایسے مریضوں کے لیے اولیٰ یہی ہے کہ امام کی اقتدا ءمیں بھی مکمل نماز بیٹھ کر ادا کریں، کیوں کہ یہ سجدے کے قریب بھی ہے، اور جماعت کی نماز میں صفوں میں خلل سے بھی حفاظت کا ذریعہ ہے۔