صحافیوں کے مسائل حل اور سہولیات فراہم کرینگے‘ دنیش کمار

May 04, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے کہا ہے کہ وہ لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں جو اس بابرکت ماہ میں غریبوں کی داد رسی کررہے ہیں اور انہیں راشن اور دیگر ضروریات زندگی کی چیزیں مہیا کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت اخباری ہاکروں اور میڈیا ورکرز میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر کیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون بلال خان کاکڑ تھے تقریب سے کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند ، کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر رضاالرحمٰن ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔دنیش کمار نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہی ہے ، صحافیوں کی کالونی کا مسئلہ ہماری حکومت کے دور میں حل ہوا۔بلوچستان میں میڈیا نے بہت زیادہ قربانیاں دیں انہی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوا ۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بلال خان کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں سمیت عام آدمی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ہماری پارٹی کا اس سلسلے میں تعاون جاری رہے گا ۔انہوں نے کورونا کی وبا بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کورونا سے بچا جاسکے ۔ کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند نے کہا کہ اس سے قبل بھی غیر سرکاری تنظیم مسلم ہینڈ کے ساتھ مل کر 150 میڈیا ورکرز میں راشن تقسیم کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پرنٹ میڈیا کے کم تنخواہ پانے والے ملازمین معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔ کوئٹہ پریس کلب ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس کام کو مزید آگے لیکر جائے گا ۔کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر رضاالرحمٰن نے کہا کہ ہم نے اس سے پہلے مسلم ہینڈ کے ذریعے 150 راشن بیگز تقسیم کئےآج خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تعاون سے ہاکرز اور دیگر میں راشن تقسیم کررہے ہیں ، بی اے پی کی روبینہ شاہ نے کہا کہ ہمیں اس بات سے آگاہی ہے کہ موجودہ دور میں میڈیا ورکرز مسائل سے دوچار ہیں کم تنخواہوں میں انکا گزر بسر مشکل ہوتا جارہا ہے ۔اس مو قع پر میڈیا ورکرز اور ہاکرز میں راشن تقسیم کیا گیا۔