سی ڈی اے میںکوٹیشن سکینڈل، پیپرا رولز کی سنگین خلاف ورزیاں

May 05, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر سی ڈی اے کے انجینئرنگ ونگ کے ڈائریکٹور یٹس میں کوٹیشن کے غلط استعمال اور پیپرا رولز کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہواہے۔ذرائع کے مطابق مختلف ڈویژنوں بالخصوص مینٹی ننس کے ڈویژنوں میں ڈپٹی ڈائریکٹرز اوپن ٹینڈر کی بجائے کوٹیشن پر کام کر ارہے ہیں ۔ ایمرجنسی کی صورت میں کو ٹیشن پر پانچ لاکھ روپے تک مالیت کا کام کرانے کی اجازت ہے لیکن اسے اب معمول کی پریکٹس بنا لیا گیا ہے۔ کوٹیشن پر کام کی تعداد اب ہزراوں میں پہنچ گئی ہے اور ان کی مجمو عی مالیت کروڑوں روپے تک پہنچ چکی ہے۔طریقہ واردات یہ نکالا گیا ہے کہ تیس لاکھ یا چالیس لاکھ کے کام کا اوپن ٹینڈر کی بجائے چھ یا آٹھ کوٹیشن لے لی جاتی ہیں جو پیپرا رولز کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔کئی تعمیراتی کام ایسے ہیں جن کیلئے با سانی ٹینڈر طلب کئے جاسکتے ہیں لیکن من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے اور کھلی مسا بقت سے بچنے کیلئے کو ٹیشن کی آڑ لی جا رہی ہے جس سے ایک جانب رولز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو دوسری جانب شفافیت کے اصول سے انحراف کیا جا رہا ہے اور مہنگے ریٹ پر کام کرایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئر مین سی ڈی اے اور ڈی جی ایف آئی اے کوٹیشن اسکینڈل کی انکوائری کرائیں کہ دس ماہ میں کتنے کروڑ روپے کا کام کوٹیشن پر کرایا گیا ہے اور کون افسران اس میں ملوث ہیں ۔