یہ نہیں ہونا چاہیے نیب جسکو چاہے مقدمہ میں الجھا دے، ہائیکورٹ

May 05, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے ججز جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس انوارالحق پنوں پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ڈی ایچ اے کی اراضی کی خریداری میں 95 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ میں ملوث ملزمان محمد افضل بھنڈر اور امجد ججہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کرتے ہوئے پر ڈی جی نیب پر اظہار برہمی کیا عدالت نے قرار دیا کہ نیب ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مقدمات کا اندراج کرے یہ نہیں ہونا چاہیے کہ جس کو چاہیں کسی بھی مقدمہ میں الجھا دیں۔ عدالت نے انہیں طلب کیا تھا۔ ڈی جی نیب نے بیان دیا کہ ملزمان کے خلاف گواہوں نے شہادتیں قلمبند کرادی ہیں جس پر ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کردی گئی۔ عدالت عالیہ نے قرار دیا تھا کہ نیب مقدمات کو خوامخواہ طول دیتے ہیں عائد کردہ الزامات اور استغاثہ کی کہانی ثابت نہیں ہوئی۔ اس مقدمہ کے مرکزی کردار ظفر باجوہ کی ضمانت ہوچکی ہے۔