ADJ کے آخری انٹرویو کیلئے 42 میں سے صرف 2 امیدوار اہل قرار

May 06, 2021

کراچی (امداد سومرو) سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق پیپر 1اور پیپر2کیلئے دوسرے تحریری موضوعی (subjective) امتحان کے نتیجے میں42میں سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (اے ڈی جے)، عدلیہ میں گریڈ20کی پوزیشن، کے آخری انٹرویو میں حاضر ہونے کیلئے صرف دو امیدوار اہل قرار پائے۔ مارچ 2020 میں اے ڈی جے کے عہدوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ وکلاء ، ماتحت عدالتوں کے عملے اور پراسیکیوٹرز سمیت تقریباً ایک ہزار امیدواروں نے اس عہدے کے لئے درخواست دی تھی اور اس بار ان میں سے کچھ کے لئے یہ چوتھی کوشش تھی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال صرف ایک ہی امیدوار ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (اے ڈی جے) کی اسی پوزیشن کے امتحان میں کامیاب ہوا تھا۔ قانونی برادری کے ایک سرگرم رکن سندھ ہائی کورٹ کے سابق جج نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ‘دی نیوز’ کو بتایا کہ لاء کالجوں میں قانون کے طلباء کو معیاری قانونی تعلیم کی فراہمی کے فقدان کی وجہ سے، اس کے علاوہ ہمارے اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم کے معیار کا بگاڑ اس اہم عدالتی عہدے کے لئے بڑی تعداد میں امیدواروں کی ناکامی کی بنیادی وجہ ہے۔