جندول میں شہری پر تشدد ، وزیر اعلیٰ کی پولیس اہلکار کیخلاف کارروائی کی ہدایت

May 07, 2021

پشاور ( جنگ نیوز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے دیر، جندول معیار بازار میں ٹریفک پولیس کی طرف سے شہری پر تشدد کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے متعلقہ حکام کو واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرکے پولیس اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی ٰنے کہا ہے کہ تشدد کے مرتکب پولیس اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ شہری کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا کام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، اس طرح کے واقعات غیر قانونی اور نا قابل برداشت ہیں اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔