ضمنی انتخابات ،شکست کرپٹ حکمرانوں کیخلاف ریفرنڈم ہے ، مرتضیٰ جاوید عباسی

May 07, 2021

پشاور( نمائندہ خصوصی)خوشاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی اور حکمران جماعت کی شکست کی خوشی میں خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ کے کارکنوں کی طرف سے جگہ جگہ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جبکہ بعض مقامات پر جلوس بھی نکالے گئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر اور ہزارہ سے قومی اسمبلی کے ممبر مرتضیٰ جاوید عباسی نے خوشاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کی طرف سے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے باوجود حکمران جماعت کی عبرتناک شکست اور مسلم لیگ کی شاندار کامیابی پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت کی عبرتناک شکست نااہل و نالائق اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے حکمران جماعت کی پے درپے شکست سے واضح ہوگیا ہے کہ دھاندلی سے مسلط ہونے والے وزیراعظم عوام کی حمایت سے محروم ہوچکے ہیں پے در پے شکست کے بعد وزیراعظم کو اقتدار سے چمٹے رہنے کی بجائے اخلاقی جرات کرتے ہوئے مستعفی وہ جانا چاہئے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے مسلم لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف تین بار عوام کی حمایت بھاری اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہوئے جبکہ عمران نیازی دھاندلی سے مسلط ہونے کے بعد دو سال ہی میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں۔