ویکسین کی کمی کی افواہیں درست نہیں، ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب

May 08, 2021

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کا کہنا ہے کہ ملک میں ویکسین کی کمی کی افواہیں درست نہیں ہیں۔

ترجمان کے مطابق پنجاب میں کینسائینو سمیت کسی ویکسین کی کمی نہیں، کنسائینو سنگل ڈوزصرف 70 سال سے زائد عمر کے افرادکو لگائی جا رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بزرگوں کوسنگل ڈوز لگانےکامقصد انہیں سینٹرز کے چکر لگانے سے بچانا ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کی جانب سے ویکسین کے حوالے سے جاری اعدا و شمار کے مطابق اب تک1 کروڑ 1 لاکھ 90 ہزار ویکسین کی خوراکیں موصول ہوچکی ہیں، موصول ہونے والی ویکسین میں سائنوفارم، سائنوویک، کینسائنو شامل ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ12 لاکھ 30 ہزار ایسٹرازینکا ویکسین آج پاکستان پہنچ گئی، ایسٹرازینیکا ویکسین کوویکس پروگرام کے تحت پاکستان پہنچی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 10 لاکھ سائنوویک ویکسین کی خوراکیں کل پاکستان پہنچیں گی، مزید ویکسین 13اور15مئی کو پاکستان پہنچیں گی، 15لاکھ مزید ویکسین اس ماہ کے آخر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اعلامیہ میں این سی او سی نے تمام شہریوں بالخصوص 60سال سے زائد بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ 60سال اور اس سے زائد افراد اس وبا سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔