الیکٹرانکس کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 27فیصد اضافہ

May 11, 2021

اسلام آباد(اے پی پی)ملکی شعبہ الیکٹرانکس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں پہلے 9 ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 27.14فیصداضافہ ہوا ، حجم26.7ملین ڈالررہا۔ سٹیٹ بینک اورسرمایہ کاری بورڈکی جانب سے اس حوالے سے جاری اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران ملک میں الیکٹرانکس کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 26.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 27.14 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں الیکٹرانکس کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 21ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیاتھا،مارچ کے دوران اس شعبے میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کاحجم 11.4ملین ڈالر رہا ۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال میں صارفین کیلئے الیکٹرانکس آلات تیارکرنے کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 25.9 ملین ڈالررہا، گزشتہ مالی سال اسی مدت میں اس شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 18.4 ملین ڈالر رہا تھا۔انڈسٹریل الیکٹرانکس میں گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران صرف 8لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس مد میں براہ راست سرمایہ کاری کاحجم 2.6 ملین ڈالرریکارڈ کیاگیاتھا ۔