بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کو فوری رہا کیا جائے ‘ نوید خان

May 12, 2021

پشاور(وقائع نگار) چیئر مین پشتون آرگنائزیشن یورپ نوید خان کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کرونا وائرس سے جنگ میں مصروف ہے جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے ساتھ یک طرفہ جنگ کرکے انہیں اذیت ناک سزائیں دینے اور شہید کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چند دن قبل بھارتی جیل میں چیئرمین تحریک حریت جموں و کشمیر اشرف صحرائی طبی سہولیات کی عدم دستیابی سے جان کی بازی ہار گئے۔ کشمیری رہنماء شبیراحمد شاہ، یاسین ملک، اشرف صحرائی، مسرت عالم، آسیہ اندرابی، فاروق ڈار،ایاز اکبر اور دیگر کشمیری رہنما بھی اسی جیل میں بلا جواز قید ہیں۔ تہاڑ جیل میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کرونا کی وجہ سے بھارتی جیلوں میں مقید کشمیری قیدیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ خاص طور پر ان کشمیری قیدیوں کی جان کو زیادہ خطرہ ہے جو پہلے ہی شوگر بلڈ پریشر سمیت کئی دیگر بیماریوں کی وجہ سے ادویات تو استعمال کررہے ہیں۔ لیکن کسی دوسری بیماری میں مبتلا افراد کے لیے کرونا زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے۔ کچھ رپورٹس یہ بھی ہیں کہ کشمیری قیدی شاہد الاسلام کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اور فاروق ڈار سمیت کچھ کشمیری قیدیوں میں کرونا میں مبتلا ہونے کی علامات بھی پائی جاتی ہیں لیکن ان کا کوئی ٹیسٹ نہیں کرایا جارہا اور نہ ہی ان کا کوئی علاج ہورہا ہے۔کشمیری رہنماء یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور شبیرشاہ پہلے ہی ادویات استعمال کرتے ہیں اور جیل میں تیزی سے پھیلتا ہوا کرونا وائرس ان کی جان کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے بھارتی جیلوں میں کشمیری قیدیوں کو دوسرے درجے کا شہری تصور کرکے انکی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے اور اسی وجہ سے ان کی کوئی خاص دیکھ بھال بھی نہیں کی جاتی۔ کشمیری قیدیوں کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت پر ہوگی۔پشتون آرگنائزیشن یورپ بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے اور ان کی جانوں کے تحفظ کے لیے ان کی فوری آزادی ضروری ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں سے اپیل ہے کہ وہ کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلیے کشمیر کاز کا ساتھ دیں۔ عالمی برادری خصوصاً انسانی حقوق کے تمام ذیلی اداروں اور یورپی یونین سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔