وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ افغان طالبان ترجمان نے پاکستان پر الزام لگانے کےلیے 3 سال پرانی تصویر شیئر کی ہے۔
اسلام آباد سے وزارت اطلاعات کے جاری بیان میں فیکٹ چیک پیش کیا اور کہا کہ افغان طالبان ترجمان نےحالیہ ہلاکتوں کا الزام لگانے کےلیے ایک پرانی تصویر استعمال کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دانستہ طور پر غلط معلومات پھیلاکر عوامی تاثر کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، جو تصویر حالیہ واقعے کے ثبوت کے طور پر پیش کی جارہی ہے، وہ مئی2023 کی ہے۔
وزارت اطلاعات کے بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تصویر اُس وقت افغان طالبان کی وزارت داخلہ کی جانب سے شیئرکی گئی تھی۔ پرانے تصویری مواد کو دوبارہ استعمال کرکے موجودہ الزامات کوسچ ثابت کرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔
وزارت اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگوں کوگمراہ کرنے اوراصل حقیقت کے بارے میں الجھاؤ پیدا کرنے کا طریقہ ہے، ایسے دعووں کو جھوٹا اور فریب پر مبنی قرار دے کر مسترد کیا جاتا ہے۔