’’عید فیشل‘‘ چہرے کو کرے تر و تازہ

May 12, 2021

آمنہ عظیم

میک اپ کرنے اور سجنے سنورانے کا شوق کچھ خواتین کو زیادہ ہوتا ہے اور کچھ کو کم ۔لیکن عید کے موقعے پر ہر خاتون کو سجنے سنوارنے کا دل چاہتا ہے ،اور دل کیوں نہ چاہے تہوار کا دن ہوتا ہی خوشیاں منانے اور اپنے آپ کو منفرد بنانے کے لیے ۔عید کے موقعے پر آپ کا تازہ دم ،خوبصورت اور شاداب دکھائی دینا ضروری ہے ۔خوشیوں بھرے اس تہوار کے موقع پر ملنے جلنے کوا یک لازمی جز و کی حیثیت حاصل ہے ۔عید کے ان دنوں میں باقاعدہ دعوتوں کا انتظا م کیا جاتا ہے ۔لیکن اس سال کورونا کی وجہ سے ملنے جلنے اور دعوتوں کا سلسلہ تو پہلے جیسا نہیں ہو گا ،مگر اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ عید کے پُر مسرت موقع پر تیار ہی نہیں ہوں ۔

عید کے لیے آرائش حسن کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ،کیوں کہ چہرے کی شگفتگی لباس کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر شخصیت کو جاذبیت دیتی ہے ۔خوشیوں بھرے اس موقع پر ضروری ہے کہ دیگر تیاریوں کے ساتھ اپنے چہرے اور میک اپ کو بالکل نظر انداز نہ کیا جائے اور اگر کچن کی ذمہ داریاں آپ نے سنبھالی ہیں ۔تو عید کی صبح آرائش حسن کے لیے وقت نکالنا خاصا مشکل ہوسکتا ہے ۔

اسی لیے ہم چند ایسے طر یقے بتارہے ہیں ،جو آپ چاند رات کو ہی کرسکتی ہیںتو صبح تک چہرے کی شادابی برقرار رہے گی اور یہ کوئی زیادہ مشکل کام بھی نہیں ہے اور نہ ہی اس کے لیے بیوٹی پارلر جانےکی ضرورت ہے،بس تھوڑی سی توجہ،محنت اور راہ نمائی کے بعد عید کے پر مسرت موقعے پر تروتازہ اورخوب صورت نظر آیا جاسکتا ہے ۔ذیل میں بتائی ہوئی باتوں پر عمل کریں اور عید کے دنوں میں اپنی شخصیت کو جاذب ِنظر بنائیں ۔

کلینزنگ

سب سے پہلے چہرے کو کسی اچھے سے فیس واش سے دھو لیں اور پھر تولیے سے خشک کر لیں۔پھر چہرے پر کلینزنگ مِلک لگائیے اور اوپر سے دو انگلیوں کی مدد سے دائروں کی شکل میں نرمی سے مساج کریں، پھر نیچے سے اوپر کی سمت چاروں انگلیوں سے مساج کریں۔ آنکھوں کے گرد بھی ہلکے ہاتھ سے مساج کریں۔تھوڑی دیر بعد ٹشو لے پیپر سے چہرے پر لگی تمام کریم صاف کر لیں۔ اس طرح تمام میل ٹشو پیپر پر نکل آئے گااور رنگت دمک اُٹھے گی ۔

اس کے بعد روئی پر ٹونر لگا کر اس سے چہرے کی صفائی کریں۔ تمام رہی سہی کریم بھی صاف ہو جائے گی پھر دوبارہ چہرے پر معیاری فیشل کریم لگا کر اس کا مساج کریں اور تقریباً 5 سے 7 منٹ تک اسٹیم لیں،تا کہ اچھی طرح سے پسینا نکلے۔ اب چہرے کو نرم تولیے سے خشک کر لیں اور پھر برف سے ٹکور کر لیں۔اس طرح آپ کا چہرہ صاف ہوجائے اور آپ کی اسکن بھی چمک اُٹھے گی ۔

ماسک

کلینزنگ کے بعدماسک لگانا ضروری ہے ،اس لیے جو بھی ماسک آپ کے چہرے کو سوٹ کرتا ہے ،لگالیں اور اس دوران آنکھوں پر آلو یا کھیرے کے قتلے بھی لگا لیں ۔ چند منٹوں بعد جب ماسک خشک ہو جائے تو چہرے سے اُتار لیں اور چہرے پر کوئی اچھا سا اسکن ٹانک یا پھر موئسچرائزنگ لوشن لگا لیں۔اس طرح آپ کا چہرہ تروتازہ ہو جائے گا ۔عید کی صبح میک اپ کرکے اپنے چہرے کودیں نکھرا نکھرا رنگ روپ۔