چوتھائی ملین سے زیادہ معمر افراد کوسرکاری پنشن نہیں ملتی

May 13, 2021

لندن(پی اے) ایک ریسرچ کے مطابق چوتھائی ملین سے زیادہ معمر افراد کوسرکاری پنشن نہیں ملتی لیکن ان میں سے بہت سےافراد کلیم کرکے پنشن حاصل کرسکتے ہیں۔ایک تخمینے کے مطابق برطانیہ میں 70 یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کی تعداد 8.78 ملین ہے جن میں سے صرف 8.53 ملین افراد کو پنشن ملتی ہے اس طرح کم وبیش ان میں سے ایک چوتھائی ملین ایسے معمر افراد موجود ہیں جن کو کوئی پنشن نہیں ملتی، کنسلٹنٹ LCP کے مطابق معمر افراد کو پنشن نہ ملنے کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں،ہوسکتاہے کہ اپنی ملازمت کے دوران انھوں نے اسے ترک کردیاہو ،یا وہ نیشنل انشورنس کی اتنی بچت نہ کرسکے ہوں جس کی بنیاد پر وہ پنشن کے حقدار بن سکتے، یاہوسکتاہے کہ وہ کوئی ایسے بینی فٹ لے رہے ہوں جن کی وجہ سے سرکاری پنشن کی شرح کم یا بالکل ختم ہوجاتی ہے۔ LCP کا کہنا ہے کہ سرکاری پنشن سے محروم رہ جانے والے یہ لوگ پنشن کاکلیم کرسکتے ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کا این آئی ریکارڈ بہت خراب ہے وہ بھی 2 طریقوں سے پنشن کیلئے کلیم کرسکتے ہیں ایک طریقہ یہ ہے کہ شادی شدہ خواتین اپنے شوہر کی بنیادی کنٹری بیوشن کے 60 فیصد کے مساوی رقم کا کلیم کرسکتی ہیں اور 80 سال سے زیادہ عمر کے لوگ بھی پنشن کا کلیم کرسکتے ہیں اس کیلئے ان کو این آئی کے ریکارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ رپورٹ تیار کرنے والوں کادعویٰ ہے کہ80 سال سے زیادہ عمر گروپ سے تعلق رکھنے والے لوگ اگر طریقہ کار سے واقف ہوں توان کے کلیم منظور ہوسکتے ہیں ۔LCP کا کہناہے کہ برطانیہ میں 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے کم و بیش 107,000 افراد موجود ہیں جن میں 65,000 خواتین اور42,000 مر د شامل ہیں، اگر یہ لوگ 82.45 پونڈ فی ہفتہ پنشن کلیم کریں تو حکومت کو پنشن کی ادائیگی پر سالانہ 400 ملین پونڈ اضافی خرچ کرنا ہوں گے، پنشن سے متعلق امور کے ایک سابق وزیر سر اسٹیو ویب نےجو اب LCP کے پارٹنر ہیں کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ سرکاری پنشن سے محروم ہیں جبکہ ہمارے پاس80 سال عمر کے ان لوگوں کو پنشن دینے کیلئے فنڈ موجود ہے جو این آئی پر انحصار نہیں کرتےیا جنھیں این آئی کے تحت پنشن نہیں ملتی، انھوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ 80 سال سے زیادہ عمر کے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو سرکاری پنشن نہیں مل رہی حکومت کو ایسے لوگوں کا پتہ چلاکر ان کو پنشن کی ادائیگی یقینی بنانی چاہئے جو کہ ان کا حق ہے۔LCP نےپنشن سے محروم معمر افراد میں اس حوالے سے آگہی پیدا کرنے کیلئے مہم چلانے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ 80 یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کے پنشن کے حقدار ہونے کے حوالے سے معلومات www.gov.uk/over-80 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔